سندھ کے ایوارڈ یافتہ معروف ادیب، شاعر اور مترجم امداد حسینی 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
امداد حسینی کا شمار دورِ حاضر کے سندھی زبان کے بڑے شعراء میں ہوتا تھا، وہ ایک ڈرامہ ساز اور ناول نگار بھی تھے۔
اُنہوں نے سندھی ناولز اور شاعری کا اردو میں اور فیض احمد فیض کے خطوط کا سندھی میں ترجمہ بھی کیا۔
دو ہفتے قبل اُنہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج تھے۔
امداد حسینی کے انتقال کی خبر گزشتہ روز ان کے بیٹے اداکار، ڈانسر و کوریوگرافر وجدان شاہ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر دی۔
وجدان شاہ نے مداحوں کو والد کے انتقال کی خبر سے آگاہ کرتے ہوئے ان سے مغفرت کے لیے دعائیں کرنے کی اپیل بھی کی۔
امداد حسینی کے انتقال پر شوبز اور ادب کے شعبے سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے انتقال کو سندھی ادب کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ زندگی کے آخری ایام تک امداد حسینی بہت متحرک رہے، وہ دسمبر 2021ء میں ہونے والی چودہویں اردو کانفرنس میں بھی شریک تھے۔













