اسلام اورحقوق العباد(79)۔۔۔شمس جیلانی

0
983

ہم نے گزشتہ مضمون میں اس پر بات ختم کی تھی کہ حضور ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے کہ وہ سب سے اچھا ہے جو اپنے گھر والوں کے ساتھ اچھا ہے۔ اور میں ﷺاپنے گھر والوں کے ساتھ سب سے اچھا ہوں؟ مگر ہمارے یہاں اس کارواج کا گھروں میں دیکھنے کو بھی نہیں ملتا ہے۔ بلکہ عام طور پر یہ دیکھا گیا کہ مرد باہر تو بہت خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتے ہیں، مگر جب گھر میں داخل ہو تے تو سناٹا چھا جا تا ہے۔اس لیئے کہ پورا گھر صاحب ِ خانہ سے ڈرتا ہے۔ جب کہ دوسری جگہ نیک بیوی کوسب سے بڑی نعمت قرار دیا گیا ہے اور نیک کی پہچان یہ دی گئی ہے کہ شوہر اس کی طرف جب دیکھے تو وہ مسکرا دے؟چونکہ یہ رشتہ مساوی ہے تو اس کا تقاضہ یہ ہوا کہ صرف بیوی ہی نہیں بلکہ شوہر بھی مسکراتا ہوا گھر میں داخل ہو، تو اہلِ خانہ اس کی آمد پر زیادہ راحت محسوس کریں گے۔اور گھر کاماحول قطعی مختلف ہو جا ئے گا۔ یہاں بھی وہی بات ہے کہ ہم حضور ﷺ کا اتباع نہیں کرتے کہ وہ بیویوں کے ساتھ کتنے اچھے تھے وہ ان کی کس طرح دلجوئی فرما تے تھے اپنے آپﷺ سے بھی زیادہ، وہ سب کا خیال فرماتے تھے۔ یہاں کچھ لوگ اس قرانی آیت کا حوالہ دیتے ہیں جس میں شوہر کو بیوی پر فضیلت دی گئی ہے (سورہ النساء آیت نمبر(34 )جبکہ اور سب جگہ حقوق مساوی ہیں۔ اور اس آیت میں وجہ بھی بتا دی گئی ہے کہ وہ اس لیئے ہے کہ شوہر اپنا مال خرچ کرتا ہے مگر آج کے دور میں جبکہ بیوی بھی کما کر لا کر کے دیتی ہے تووہ پہلے تو برابری کا مقام حاصل کر لیتی ہے دوسرے وہ محسنہ کا مقام بھی حاصل کر لیتی ہے۔ کیونکہ اپنے گھر پر خرچ کرنے کی از روئے اسلام بیوی ذمہ دار نہیں ہے۔ بلکہ صلہ رحمی یعنی اپنوں پر خرچ کرنے کی دہرے ثواب مستحق ہوتی ہے جو بیوی اپنی مرضی سے گھر پر خرچ کر تی ہے۔یہ اس حدیث سے ثابت ہے جس کی راوی حضرت عبد اللہؓ بن مسود کی بیگم صاحبہؓ ہیں۔ کیا ہی اچھا ہو کہ ہم حضور ﷺ اسوہ حسنہ کو اختیار کرکے اپنے گھر کو جنت بنا لیں، بجا ئے اس کے کہ عدالتوں تک جائیں اور طلاق کا تناسب بڑھانے کا باعث ہوں۔ بلکہ یہیں نہیں وہاں بھی اسی بیوی کے ساتھ گزارہ کریں جو اس وجہ سے مل جا ئیگی کہ وہاں اگر کوئی خاتون کئی ایک مردوں کے نکا ح میں رہی ہیں تو انہیں حقِ انتخاب ملے گا اور ان سے پوچھا جا ئے گا کہ کس کے ساتھ رہنا چا ہتی ہو؟۔ ظاہر ہے کہ ہر بیوی اسی شوہر کے ساتھ رہنا چا ہے گی جو اس دنیا میں اس کے ساتھ زیادہ اچھا رہا ہوگا۔ کیونکہ یہ زندگی تو بہت ہی مختصر ہے۔ جبکہ وہ زندگی دا ئمی ہے۔ ہم اس پر پہلے بھی بات کر چکے ہیں۔ کچھ رشتوں کا ذکر بار بار بھی آیا ہے جیسے کہ ماں باپ یا قریبی رشتہ دار یتیم اور ہر قسم کے ہمسایہ۔ سورہ النساء کی آیت نمبر (35)میں پھر وہی ترتیب آئی ہے۔ کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ نے پہلے اپنا حق یاد دلایا ہے۔ پھروالدین کا حقوق اور اس کے بعد پڑوسیوں کے حقوق، یہاں اس کی تفسیر میں ابن ِ کثیر بہت سی احادیث لا ئے ہیں۔ اس میں اللہ سبحانہ تعالیٰ نے سب سے پہلے اپنے واحد حق یاد دلایا ہے کہ بندہ ہر قسم کے شرک سے بچے اور صرف اور صرف اسی کی عبادت کرے۔ اس کے بدلے میں ایسا بندہ اس انعام کا مستحق ہو جا تا ہے جو ایک مومن کی معراج ہے۔کہ اللہ تعالیٰ اسے عذاب نہ کرے۔ یہ اتنی بڑی خوشخبری ہے کہ کسی مومن کو اس یقین کے سوا اور کیا چا یئے ۔ اسی طرح والدین کے ساتھ بھلائی کا حکم دیا ہے اور ان کے حقوق کی پامالی کو سختی سے منع کیا گیا ہے کہ صورت میں اس کا ٹھکانا جہنم ہوگا اور وہ کبھی معاف نہیں کیا جا ئےگا۔یہاں میں والدین کویہ بتانا چلوں کہ اسلامی نظام کا پورا دارومدار الل سبحانہ تعالیٰ کی وحدانیت ماننے پر ہے اور یہ کہ وہ اگر خود بھی وہ اس سے فا ئدہ اٹھانا چا ہتے ہیں تو ضروری ہے کہ پہلے اللہ کی عظمت سے بچوں کو روشناس کرائیں اور ان کی اسلامی تعلیم پر بھی اتنی توجہ دیں جنتی دنیاوی تعلیم پر توجہ دیتے ہیں کیونکہ یہ نتائج تبھی مرتب ہوسکتے ہیں کہ جب بچہ اللہ اور آخرت پر یقین رکھتا ہو ورنہ بقول حضرت علی کرم اللہ وجہہ کہ “ نا ماننے میں نہ تیری خیر ہے نہ میری خیر ہے “اور یہ بھی احتیاط کریں کوئی بچہ خلاف اسلام کسی چیز کے لیئے ضد کرے تو اس کی ہر گز ضد پوری نہ کریں اسی میں تمام مسلم والدین کی عافیت ہے۔جبکہ ہم پہلے ہی لکھ چکے ہیں کہ والدین کی طرف مسکراکر دیکھنا بھی حج اور عمرے کے ثواب کے برابرہے۔ جبکہ والد ین کی حق تلفی ان کی اپنی نا عاقبت اندیشی کی وجہ سے مسلمان بچے بھی دل کھول کر کرتے ہیں۔ ہمسایوں کے ساتھ بھی یہ ہی حال ہے!چاہے وہ سواری کا ہم سفر ہو یا قرب مکانی رکھتا ہو دونو ں صورتوں میں اس کے خاندان کے ساتھ کوئی برائی کرنا دس برا ئیوں کے برابر ہے۔یہاں کوئی امتیاز نہیں ہے کہ وہ کس مذہب و ملت سے تعلق رکھتا ہے۔اگر وہ غیر مسلم ہو تو بھی اس وقت تک مسلمان ہمسایہ پر کھانا حرام ہےجب تک کہ وہ پہلے اس کا پیٹ نہ بھر دے۔ اگرمسلمان ہے تو اس کے ساتھ ہر بھلائی کا ثواب ہے دہرا ہے اور اس کے ساتھ وہ قریبی عزیز ہو بھی تو ثواب تین گناہ ہے۔ مختصر اً یو ں سمجھ لیں کہ اللہ سبحانہ تعالیٰ کو ہروقت سب کچھ عطا کرنے پر تم تیار پا ؤگے جو اس کی مشیت خلاف نہ ہو، بشرط ِ کہ اس کی بات مان لو کیونکہ وہ فرماتا ہے کہ میں نے اپنے اوپر رحم واجب کرلیا ہے۔ اس آیت کے آخر میں وہ شرکِ خفی لایا ہے کہ جو ہم کرتے ہوئے محسوس ہی نہیں کرتے ہیں کہ یہ بھی شرک ہے۔ وہ ہے اپنی یا اپنے اجداد یا اپنی اولاد کے کارنامو ں کو فخریہ عوام کے سامنے بیان کرنا۔ جو تکبر میں آتا ہے تکبر کے بارے میں اس کا ارشاد ہے کہ تکبر میری چادر ہےجو اس میں داخل ہو نے کی کوشش کریگا میں اس کو تباہ اور برباد کردونگا۔ (باقی آئندہ )

SHARE

LEAVE A REPLY