پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ نے کہا ہے کہ پارٹی فیصلہ کرے گی کہ مارچ میں کتنا اور کس طرح حصہ لیں، اپوزیشن متفق ہے کہ حکومت کا مزید رہنا اب مناسب نہیں۔
قمر زمان کائرہ نے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مارچ میں شرکت سے متعلق فیصلہ اگلے ہفتے کریں گے۔
پروگرام میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس واحد راستہ یہی ہے کہ نئے انتخابات کرائے، تاجر برادری اتنی مایوس ہوگئی ہے کہ آرمی چیف کو تحفظات بتا رہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے تینوں مطالبات پر اپوزیشن کا اتفاق ہے۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے 27 اکتوبر کو حکومت کے خلاف اسلام آباد کی طرف آزادی مار چ کا اعلان کیا ہے۔











