سابق وزیراعظم نواز شریف کے لئے ایک اور اہم دن، نیب عدالت میں عزیزیہ اسٹیل ملز، ہل میٹل اور لندن فلیٹس ریفرنسز کی سماعت آج ہو گی۔
احتساب عدالت نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمات پر سماعت کرے گی۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ سے تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پر فیصلہ بھی متوقع ہے۔
احتساب عدالت میں ایون فیلڈ پراپرٹی اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز میں ملک طیب مختار اور عمردراز کی گواہی ریکارڈ کی جائیگی۔ سابق وزیراعظم کی استدعا پر عدالت نے گذشتہ پیشی پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے تک ملتوی کر دی تھی۔
سابق وزیر اعظم نے ریفرنسز یکجا کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں بھی ایک اور درخواست دائر کی ہے۔ جس میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات اور ان کے خلاف اپیل کو چیمبر میں سماعت کے بعد مسترد کرنے کو چیلنج کیا گیا ہے۔












