عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ معیشت کو بہتر بنانے کے لیے قانونی طریقہ کار کے ذریعے اداروں کو مضبوط بنا کر اور ان میں اسٹرکچرل (ساختی) اصلاحات لا کر اپنے دیرینہ مسائل حل کیے جائیں۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے ریجنل ڈائریکٹر برائے مشرقی اور وسطی ایشیا جہاد ازعور نے ایک نیوز کانفرنس میں سوال کے جواب میں کہا کہ بہتر مالی اور اقتصادی صورتحال کے لیے حکومت کو صوبائی اور وفاقی سطح پر تعاون بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ایک اہم ترین راستہ ساختی اصلاحات لانا ہے جس کی بدولت پاکستانی معیشت کے کمزوری سے متعلق دیرینہ مسائل حل کر کے اسے مسابقتی سطح پر لایا جاسکتا ہے۔
آئی ایم ایف عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو ماضی کے مسائل حل کرنا چاہئیں، مثلاْ مرکزی بینک، توانائی کے شعبے اور دیگر اداروں کے لیے قانونی طریقہ کار فراہم کر کے اداروں کو مضبوط کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت سے پاکستان میں اصلاحاتی ایجنڈا موجود ہے، جو ملک میں میکرواکنامک استحکام کو فروغ دینے، گزشتہ کچھ برسوں سے ملک کو جس عدم توازن کا سامنا ہے اسے دور کرنے، معیشت کو مزید مسابقتی بنانے اور اس کی ساکھ کو بہتر بنانے کا صحیح نسخہ ہے۔
جہاد ازعور نے کہا کہا آئی ایم ایف مشن اپنے پہلے جائزے کے لیے رواں ماہ کے اختتام پر پاکستان جائے گا جبکہ اب تک جو پیش رفت حاصل ہوئی ہے وہ درست سمت میں ہے۔











