وزیراعظم عمران خان نے طلبا تنظیموں کے حق میں آواز بلند کردی اور طلبا یونین کی بحالی کا واضح اشارہ دیدیا۔
عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ طلبا تنظیمیں مستقبل کے لیڈرز بنانے میں اہم ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جامعات مستقبل کی قیادت کو پروان چڑھاتی ہیں، بدقسمتی سے پاکستانی یونیورسٹیوں میں طلبا تنظیمیں پرتشدد بن چکی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستانی جامعات پرتشدد محاذ جنگ کا منظر پیش کرتی ہیں، جس سے جامعات اور کیمپسز کا عالمانہ اور دانشورانہ ماحول تباہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طلبا یونینز کی بحالی کے لیے جامع ضابطہ اخلاق مرتب کریں گے، اس کے لیے بین الاقوامی جامعات کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق سے طلبا تنظیمیں مزید مثبت انداز میں کام کر سکیں گی جس سے حقیقی معنوں میں ملک کو مستقبل کی قیادت ملے گی۔











