اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نےپی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس میں وزیراعظم عمران خان کی بریت کی درخواست پر فیصلہ موخر کرتے ہوئے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کردی ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کی۔
جج راجہ جواد عباس نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ اس میں اور کئی ملزمان ہیں جنہوں نے عمران خان سے پہلے بریت کی درخواستیں دیں، لہذا ممکن نہیں کہ دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں کو چھوڑ کر عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنائیں۔
عدالت نے کیس میں آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرلیے اور ریمارکس دیئے کہ بریت کی تمام درخواستوں پر اکٹھا فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ اعجاز چوہدری، اسد عمر، جہانگیر ترین سمیت متعدد ملزمان نے بریت کی درخواستیں واپس لیں ، جبکہ کئی ملزمان کی عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے












