سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ ولادت پر جاری کیے گئے بیان میں آصف زرداری نے کہا کہ بھٹو 43 سال قبل عدالتی قتل کے بعد بھی عوام کے دل پر حکمرانی کر رہے ہیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ان کے مزار پر کروڑوں لوگ اپنے عقیدے کے مطابق دعاؤں کے تحفے ان کے نام کرتے ہیں، قاتلوں اور قتل کی سازش میں شریک کرداروں کی قبریں ویران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھٹو نے 3 سال کی مختصر مدت میں عوامی شعور کی ایسی شمع روشن کی جس کی وجہ سے عوام کا استحصال کرنے والے طبقات کے قلعے زمین بوس ہو گئے۔












