وزارت داخلہ کی جانب سے سرکاری افسران و عملے کو میڈیا سے رابطہ اور سوشل میڈیا کے استعمال سے روک دیا گیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکشن کے مطابق وزارت اور ماتحت اداروں کے افسران و عملے کی میڈیا سے بات پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ماتحت اداروں کے افسران کو سوشل میڈیا پر موقف دینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ و ماتحت اداروں کا مؤقف سیکریٹری داخلہ کی تحریری اجازت سے مشروط ہوگا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی پولیس، نادرا، ایف آئی اے، سیکریٹری داخلہ کی اجازت کے بغیر مؤقف نہیں دے سکیں گے جبکہ سول ڈیفنس، ایف سی اور رینجرز کو بھی ادارے کا مؤقف دینے سے پہلے تحریری اجازت لینا ہوگی۔
وزارت داخلہ کے احکامات کی روشنی میں افسران و اہلکاروں پر پابندی کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزارت، ماتحت اداروں کا کوئی افسر یا اہلکار میڈیا پرکسی معاملے پر بات نہ کرے اور نہ ہی کوئی افسر یا اہلکار سوشل میڈیا پر کوئی معلومات، مؤقف یا دستاویزات اپ لوڈ نہ کرے۔












