افغانستان میں قیام امن اور مصالحتی عمل کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت اور افغان طالبان کے مابین مذاکرات اپنے بہت اہم مرحلے کے قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔
خلیل زاد نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں ایک اہم مرحلہ قریب آتا جا رہا ہے۔ اس امریکی مندوب نے جب یہ ٹویٹ کی،
تب وہ کابل میں تھے۔ افغان دارالحکومت میں انہوں نے صدر اشرف غنی، چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ، سابق صدر حامد کرزئی اور سرکردہ خواتین کارکنوں کے علاوہ کئی دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔












