آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انجری کا شکار ہونے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کے میلبرن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل فٹ ہونے کا امکان ہے۔

برسبین میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران محمد عامر کو گھٹنے میں تکلیف ہوئی تھی اور پھر دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مچل اسٹارک کی 152کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی گئی گیند ان کی رانوں پر لگی تھی۔

جمعرات کو نیٹ میں باؤلنگ سے قبل بھی عامر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ گھٹنے کی تکلیف کی شکایت ہوئی لیکن بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ اس میں تشویش کی کوئی بات نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عامر کی رانوں پر سوزش ہے لیکن وہ جلد ٹھیک ہو جائیں گے اور میلبرن میں بھی ہمارا باؤلنگ اٹیک ممکنہ طور پر یہی رہے گا۔

برسبین میں پہلے ٹیسٹ کے دوران عامر اور اسٹارک کے درمیان دوسری اننگز کے دوران سخت جملوں کا تبادلہ جاری رہا لیکن گرانٹ فلاور نے اسے کھیل کا حصہ قرار دیا۔

پاکستان کے بیٹنگ کوچ کو امید ہے کہ مسلسل ناکامی سے دوچار پاکستانی ٹیم کے 42 سالہ کپتان مصباح الحق میلبرن میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔

اینڈی فلاور نے کہا کہ مصباح الحق خراب فارم کا شکار ہیں اور وہ اس سے قبل بھی اس طرح کے دور سے گزر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصباح ذہنی مضبوطی کے حامل اعلیٰ معیار بلے باز ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ جلد ایک اچھی اننگز کھیلنے والے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی دوسری اننگز میں عمدہ فائٹ کے سبب میزبان ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد 39 رنز سے میچ جیتنے میں کامیاب رہی۔

1988 سے برسبین میں ناقابل شکست ٹیم نے اپنا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں 1-0 کی برتری بھی حاصل کر لی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY