سندھ حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا.

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ پر ٹرانسپورٹرز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبے پر ڈرائیونگ لائسنس کا اختیار ٹریفک پولیس سے واپس لیا جائے گا اور سندھ اسمبلی سے قانون سازی کرکے محکمہ ٹرانسپورٹ کو منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ روٹ پرمٹ کی فیس سے متعلق کمیٹی بنادی گئی ہے تاہم کم سے کم فیس طے ہوگی اسے منظورکیا جائے گا۔

اویس شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹرانسپورٹرز کے مطالبات تسلیم کرتی ہے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے فٹنس، روٹ پرمٹ اور دیگر مسائل حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت وفاق کی طرح معاملات کو الجھانے پر یقین نہیں رکھتی۔

وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے کچھ مطالبات فوری حل کیے ہیں جبکہ دیگر پر بھی جلد عمل درآمد کروایا جائے گا۔

اس ضمن میں ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر محمد اسلم نے کہا کہ کئی برسوں سے التوا مسائل کے حل کے لیے حکومت نے مطالبات مان لیے ہیں۔

پریس کانفرنس میں کمشنر کراچی اور ڈی آئی جی ٹریفک اور گڈز ٹرانسپورٹ، پبلک ٹرانسپورٹ کے تنظیموں کے نمائدگان بھی شریک تھے.

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ عمران اسمعیل نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کو خوش آئیند قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم کا یقین ہےکہ صنعت اور تاجر کا پہیہ ٹرانسپورٹ کے پہیہ کے ساتھ جوڑا ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ متعدد مشاورتی اجلاس کیے۔

اس ضمن میں ان کا کہنا تھا کہ ایکسل لوڈ کے قانون پر اطلاق پر فوری طور پر کچھ نہ کچھ شروع ہوجائےگا۔

عمران اسمعیل نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے سٹی، ہائی اور کسٹم پولیس کو خبردار کیا جائے گا کہ کسی ٹرانسپورٹر کو تنگ کرنے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف ایکشن اور معطل کیا جائےگا۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق دو مسائل تھے کہ ڈرائیونگ لائسنس صرف بڑے شہروں سے جاری ہوتے ہیں تاہم متعلقہ اداروں سے بات چیت جاری جس کے بعد چھوٹے شہروں سے بھی ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا ممکن ہوسکےگا۔

SHARE

LEAVE A REPLY