پشاور کی کارخانو پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور پولیس اہلکار سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جس کے ترجمان نے کہا کہ 9 زخمیوں کو یہاں لایا جن میں 5 خواتین اور 4 مرد شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے 2 خواتین کی حالت نازک ہے۔
تاہم ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے دھماکے میں 10 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
انہوں نے کہا کہ دھماکا ضلع خیبر کی حدود کے ساتھ موجود پشاور پولیس چیک پوسٹ کے قریب ہوا جبکہ بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔
اے آئی جی بم ڈسپوزل اسکواڈ شفقت ملک نے کہا کہ دھماکا دستی بم کا تھا اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔
19 دسمبر کو لنڈی کوتل میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں فرنٹیئر کور کا اہلکار شہید ہو گیا تھا۔
قبل ازیں 16 دسمبر کو صوبائی اسمبلی کے باہر بم دھماکے میں 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ابتدائی اطلاعات میں یہ معلوم ہوا تھا کہ دھماکا خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے پارکنگ میں کھڑے رکشے میں ہوا۔












