شام میں اپوزیشن جنگجوؤں اور شہریوں نے بتایا ہے کہ رووسی طیاروں نے ہفتے کے روز ادلب صوبے میں اپوزیشن کے زیر کنٹرول متعدد قصبوں اور حلب کے نواحی علاقوں کو شدید حملوں کا نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی شام کے شمالی شہر حلب سے اپوزیشن جنگجوؤں کے انخلاء کے دو روز بعد سامنے آئی ہے۔
مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں مرکزی قصبوں بنش، سراقب اور جسر الشغور پر کم از کم آٹھ یلغاریں ہوئیں۔ ان کے نتیجے میں شہریوں سمیت درجنوں افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی رپورٹیں ہیں۔
شامی حکومت کی فوج کے مطابق حلب کا کنٹرول واپس لینے کے بعد آئندہ مرکزی مہم میں اپوزیشن جنگجوؤں کو ادلب صوبے میں ان کے گڑھ میں شکست سے دوچار کیا جائے گا۔ یہاں جنگجو جماعتیں جیش الفتح کے نام سے معروف اتحاد کے پرچم تلے جمع ہیں۔
شامی شہریوں اور اپوزیشن جنگجوؤںے بتایا کہ روسی اور بشار فوج کے طیاروں نے حلب سے اپوزیشن کے انخلاء کے بعد مسلسل دوسرے روز حلب کے مغربی اور جنوبی نواح میں اپوزیشن کے زیر کنٹرول علاقوں کو شدید بم باری کا نشانہ بنایا۔













