خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے شاہین ٹاؤن سے پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل کردیا گیا۔

اس حوالے سے تہکال پولیس اسٹیشن کے عہدیدار شیراز احمد نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پیر کو علی الصبح انہیں گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے دیگر 9 پی ٹی ایم کارکنوں کو گرفتار کیا، جن کی شناخت محمد سلمان، عبدالحمید، ادریس، بلال، محب، سجادالحسن، ایمل، فاروق اور محمد سلمان کے نام سے ہوئی۔

بعد ازاں پی ٹی ایم سربراہ منظور پشتین کو پشاور کے جوڈیشل کمپلیکس میں سیشن جج کے سامنے پیش کیا گیا، اس دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔

جہاں عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پشاور سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تو وہیں عدالت انہیں ڈیرہ اسمٰعیل خان منتقل کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ سے متعلق فیصلہ کل کرے گی کیونکہ ان کے خلاف اسی علاقے میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے۔

………………………………..

پشتون تحفظ تحریک (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے حراست میں لے لیا ہے۔

اتوار اور سوموار کی درمیانی شب پشاور کے تھانہ تہکال کی حدود شاہین ٹاؤن کے علاقے سے منظور پشتین کو گرفتار کیا گیا۔ اُن کے خلاف ریاست کے خلاف ہرزہ سرائی پر ڈیرہ اسماعیل خان میں 21 جنوری کو ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

منظور پشتین کی گرفتاری سے متعلق اب تک حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ البتہ صوبائی وزیرِ اطلاعات شوکت یوسف زئی نے تصدیق کی ہے کہ منظور پشتین کو حراست میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ منظور پشتین کو مقامی عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے اور بعد میں ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

پی ٹی ایم کے رہنما اور شمالی وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں تمام کارکنوں سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صلاح و مشورے سے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے محسن داوڑ نے بتایا کہ رات گئے منظور پشتین اور دیگر ساتھیوں نے بتایا کہ اُنہیں پشاور کے تہکال پولیس تھانے میں رکھا گیا ہے۔ مگر اس کے بعد تھانے اور پولیس حکام کی جانب سے کسی قسم کا جواب موصول نہیں ہو رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل وفاقی وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران پشتون تحفظ تحریک کے رہنماؤں کو بات چیت کی دعوت دی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY