اسلام آباد ہائی کورٹ نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے میاں فیصل ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار میاں فیصل نے عدالت میں دائر کی گئی اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے بنیادی انسانی حقوق کیسے متاثر ہو رہے ہیں؟ آپ کو جو معلومات چاہئیں وہ آپ قانون کے ذریعے لے سکتے ہیں۔

بیرسٹر جہانگیر جدون نے عدالت کو بتایا کہ 20 ہزار کے قریب چینی باشندے اسلام آباد میں رہ رہے ہیں، ان کی اسکریننگ کا کیا کیا گیا؟ اس حوالے سے کچھ پتہ ہی نہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت ہر روز پریس کانفرنس کر کے معلومات بھی شیئر کر رہی ہے، اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ہائی الرٹ بھی جاری ہو چکا ہے۔

بیرسٹر جہانگیر خان جدون نے جواب دیا کہ حکومت کی جانب سے درست اعداد و شمار شیئر نہیں کیے جا رہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اب انکوائری کے لیے تو عدالت یہ درخواست قابلِ سماعت قرار نہیں دے سکتی۔

بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا کہ عدالت کسی متعلقہ افسر کو بلا کر اس سے تفصیلات طلب کرے۔

عدالتِ عالیہ نے دلائل سننے کے بعد درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY