سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ آٹے کی قلت جان بوجھ کر پیدا کی گئی ، آٹے کی مدمیں 40 ارب روپے کا ٹیکا لگایا گیا۔
میڈیا سے گفتگو میں محمد زبیر نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ،وفاقی وزیر خسرو بختیار اور جہانگیر ترین اس سارے اسکینڈل کے ذمے دار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آٹے کی قلت کی تحقیقات کون کررہا ہے یہ تک نہیں بتایا گیا، یہ حکومت مزید 7یا 8 ماہ رہی تو ملکی معیشت بالکل تباہ ہوجائے گی ۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہاکہ اگر یہ کرپشن نہیں ہے تو عمران خان سے کہتا ہوں وہ کرپشن کی دوبارہ تعریف کریں ۔
ان کا کہنا تھاکہ بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور( بی آرٹی) پر ہائی کورٹ نے تحقیقات کا کہا تو یہ لوگ سپریم کورٹ پہنچ گئے، ملک کو اس نہج پر پہنچانے میں عمران خان کا ہاتھ ہے۔












