پاکستان کے ساتھ ‘بہت اچھے تعلقات’ ہیں، امریکی صدر کا بھارت میں خطاب

0
841

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان دنوں بھارت کے 2 روزہ دورے پر ہیں جہاں انہوں نے کہا ہے کہ امریکا کے پاکستان کے ساتھ ‘بہت اچھے تعلقات’ ہیں اور امید ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہوگی۔

بھارت کے دورے کے موقع پر امریکی صدر نے ریاست گجرات کے سب سے بڑے شہر احمد آباد میں ‘نمستے ٹرمپ’ نامی ریلی سے خطاب کیا، اس تقریب میں آنے والے افراد میں زیادہ تر لوگوں نے سفید کیپ پہن رکھی تھی۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے رپورٹ کیا کہ اپنے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ‘امریکا اور بھارت دہشت گردوں کو روکنے اور ان کے نظریے سے لڑنے کے لیے پرعزم ہیں، اسی وجہ سے جب سے دفتر سنبھالا ہے میری انتظامیہ پاکستانی سرحد سے آپریٹ ہونے والی دہشت گرد تنظیموں اور عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان کے ساتھ بہت مثبت انداز میں کام کر رہی ہے’۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں، جس کا سہرا ان کوششوں کو جاتا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ بڑی پیش رفت کے آثار دیکھنا شروع ہوگئے ہیں اور ہم کشیدگی میں کمی، وسیع استحکام اور جنوبی ایشیا کی تمام اقوام کے لیے بہتر مستقبل کے لیے پرامید ہیں’۔

احمد آباد میں ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد پر ان کے سیاسی کیریئر کی سب سے بڑی ریلی کے لیے دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے زائد افراد موجود تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر کے آغاز میں کہا کہ وہ 8 ہزار میل سفر کرکے یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ ‘امریکا، بھارت سے پیار کرتا ہے اور امریکا، بھارت کی عزت کرتا ہے جبکہ امریکا ہمیشہ بھارتی عوام کا مخلص اور وفادار دوست رہے گا’، ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے نریندر مودی کو ‘بہت کامیاب رہنما’ قرار دیا۔

اپنے خطاب میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا، بھارت کو ڈرون سے لے کر ہیلی کاپٹر اور میزائل سسٹم تک دفاعی ساز و سامان فراہم کرنے کو تیار ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان خلائی تعاون کو بڑھانے کے منتظر ہیں، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ دونوں فریقین کے درمیان ‘ناقابل یقین’ تجارتی معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔

ریلی سے خطاب میں انہوں نے انتہا پسندوں پر حملے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ‘میری انتظامیہ میں ہم نے داعش کے قاتلوں پر امریکی فوج کو مکمل اختیار دیا اور آج داعش کی علاقائی خلافت 100 فیصد تباہ ہوچکی ہے’، انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ‘البغدادی مرچکا ہے’۔

تاہم امریکی صدر نے اپنے خطاب میں بھارت میں شہریت ترمیمی قانون پر ہونے والے احتجاج پر کوئی بات نہیں کی۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہندوقوم پرست حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے لاگو کیے گئے متنازع شہریت قانون کے خلاف بھارت بھر میں احتجاج جاری ہیں، جس میں متعدد افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں جبکہ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

یاد رہے کہ اس قانون کے تحت 31 دسمبر 2014 سے قبل 3 پڑوسی ممالک سے بھارت آنے والے ہندوؤں، سکھوں، بدھ متوں، جینز، پارسیوں اور عیسائیوں کو بھارتی شہریت دی جائے گی جبکہ مسلمانوں کو اس میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

ریلی سے خطاب میں بھارت کی تعریف کے گن گاتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ بھارت کی ‘قابل ذکر مہمان نوازی’ یاد رکھیں گے، بھارت ہمارے دلوں میں ایک خصوصی جگہ رکھتا ہے۔

دوران خطاب امریکی صدر نے کہا کہ ‘پورے کرہ ارض کے لوگ بھارتی فلمیں، بھنگڑا اور کلاسیکل فلمیں جیسے دل والے دلہنیا لے جائیں گے اور شولے دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوتے ہیں، آپ سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی جیسے عظیم کرکٹرز سے خوش ہوتے ہیں’۔

SHARE

LEAVE A REPLY