مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما احسن اقبال کہتے ہیں کہ میاں نواز شریف نے واپسی کا کہہ دیا تو حکومت کے ہاتھ پیر پھول جائیں گے۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پارلیمنٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ واپس آنے پر حکومت لندن ایئر پورٹ پر نوازشریف کو روکے گی کہ علاج مکمل کر کے واپس آئیں، مسلم لیگ نون میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو حکمرانی کا کورونا وائرس کھا رہا ہے، واحد علاج فوری اور صاف شفاف الیکشن ہیں، عمران خان نیب قانون میں ترمیم نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ تقسیم کرنے والا لیڈر قرار دے دیا اور کہا کہ جج کے فیصلے کی سیاہی خشک نہیں ہوئی کہ نیب نے اگلے دن بلا لیا۔
مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما نے کہا کہ کاش نیب کی یہ پھرتیاں آٹا، چینی مافیا کے خلاف ہوتیں، سارے مافیا وزیرِ اعظم عمران خان کی چھتری تلے بیٹھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم نہ کرنے کی ذمے داری کسی حد تک ہم پر ہے، آئندہ الیکشن میں عوام نواز شریف کو جھولیاں بھر کے ووٹ دیں گے۔












