مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے پے در پے واقعات تشویش ناک ہیں، خیبرپختونخوا میں نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، خیبرپختونخوا میں کسی کی جان محفوظ نہیں،کسی بھی وقت کچھ بھی ہو سکتا ہے، پشاور شہر بھی اب غیر محفوظ ہو چکا ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں کے بعد دہشتگردی کے اثرات شہری علاقوں تک پہنچ چکے ہیں، قبائلی علاقوں میں حالات خراب ہوئے تو اسی وقت اقدامات کی ضرورت تھی، قبائلی علاقوں میں بھی بچے، خواتین اور خاندان دہشتگردی سے متاثر ہوئے، قبائلی علاقوں میں لوگوں کے گھر اجڑے،اب دہشتگردی کی آگ شہروں تک پہنچ گئی۔
شازیہ مری نے دہشتگردی کے اثرات پاکستان کے دیگر علاقوں تک پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو بہانہ قرار دینا درست نہیں، یہ پاکستان کا حقیقی مسئلہ ہے، پاکستان کئی دہائیوں سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔
رہنما پی پی شازیہ مری نےکہا 13 برس میں خیبرپختونخوا میں دہشتگردی سے نمٹنےکے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔













