صدر مملکت عارف علوی نے سانحہ ساہیوال میں پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ذیشان کی فیملی کو آج ملاقات کے لیے اسلام آباد بلا لیا ہے۔

دوسری جانب جے آئی ٹی نے واقعے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا ریکارڈ محکمہ ایکسائز سے حاصل کر لیا۔

سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والے کار ڈرائیور ذیشان کے اہل خانہ کو صدر مملکت نے ملاقات کے لیے اسلام آباد بلا لیا۔ ذیشان کے بھائی احتشام اور والدہ سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی ملاقات کریں گے۔

احتشام کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ملاقات کا پیغام ملا،گاڑی کا انتظام بھی وہی کریں گے۔

دوسری طرف سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔

جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی اعجاز حسین شاہ کی درخواست پر ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے گاڑی کی تمام تر تفصیلات فراہم کردیں۔ گاڑی نمبری ایل ای اے 6683 مارچ 2012 میں پہلی بار لاہور کی رہائشی ثمینہ مقدر کے نام رجسٹرڈ ہوئی،دوسری بار جولائی 2012 میں اوکاڑہ کے شوکت علی ساجد کے نام ٹرانسفر ہوئی ،جولائی 2017 میں گاڑی لاہور کے عظیم لیاقت کے نام ٹرانسفر ہوئی،عظیم لیاقت کے بعد گاڑی کی ملکیت کسی کے نام پر منتقل نہیں ہوئی۔

انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق دہشت گرد عدیل حفیظ نے ایک شخص ثاقب مجید سے گاڑی خریدی۔ عدیل حفیظ اور ثاقب مجید کے درمیان مئی 2018 میں خرید و فروخت کا معاہدہ ہواتھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY