امریکہ: دارالحکومت سمیت متعدد ریاستوں میں شدید برفباری، اسکول اور سرکاری دفاتر بند ہو گئے

0
1066

امریکہ میں برفباری ، ہواؤں اور شدید سردی کے باعث پیر کے روز وسطی اور جنوبی رہاستوٕں سے لے کرمشرقی ساحلی علاقے تک میں سفر کے لیے حالات خطرناک ہو گئے ہیں اور متعدد ریاستوں میں اسکول اور دفاتر بند کر دئے گئے ہیں۔

کنساس، مغربی نیبراسکا اور انڈیانا کے کچھ حصوں میں برف نے بڑی سڑکوں کو ڈھانپ دیا ہے، جہاں ریاستوں کے نیشنل گارڈز کو پھنسے ہوئے ڈرائیورز کی مدد کے لیے متعین کیا گیا ۔ بجلی کے استعمال کا جائزہ لینے والی ویب سائٹ ، الیکٹرک یوٹیلیٹی ٹریکنگ PowerOutage.us کے مطابق، کینٹکی، انڈیانا، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، الی نوئے اور میزوری میں پیر کی صبح تقریباً تیس ہزار صارفین بجلی سے محروم تھے۔
موسمیات کے قومی مرکز نے کنساس اور میزوری کے لیے موسم سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کی، جہاں برفانی طوفان اپنے ساتھ 45 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں لے کر آئے۔ نیو جرسی کے لیے بھی پیر اور منگل کی صبح کے لیے یہ وارننگ جاری کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ، “اس خطے کے ان مقامات کے لیے جہاں سب سے زیادہ برف باری ہوتی ہے، یہ کم از کم ایک عشرے میں سب سے زیادہ برف باری ہو سکتی ہے۔”

پیر کے روز زیادہ تر اسکول بند ہو گئے ۔ انڈیانا، ورجینیا، کینٹکی، میزوری اور کنساس کے ڈسٹرکٹس نے اتوار کی سہ پہر کو کلاسز کی منسوخی اور تاخیر کا اعلان کرنا شروع کر دیا۔ کینٹکی کے جیفرسن کاؤنٹی پبلک اسکولز نے اپنے تقریباً ایک لاکھ طلباء کے لیے کلاسز، غیر نصابی سرگرمیاں اور ایتھلیٹکس کو منسوخ کردیا

میری لینڈ میں بھی کلاسیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جہاں گورنر ویس مور نے اتوار کو ہنگامی حالت کے ساتھ ساتھ اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ریاستی حکومت پیر کو بند رہے گی۔

مور نے ایک بیان میں کہا ،”میری لینڈ کے شہریوں کو محفوظ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ براہ کرم اس طوفان کے دوران سڑکوں سے دور رہیں۔ اپنے گھر اور خاندان کو تیار کریں اور بجلی چلے جانے کی صورت میں اپنے مواصلاتی آلات کو چارج کرکے رکھیں ۔”

SHARE

LEAVE A REPLY