ترکی نے کرونا وائرس کے باعث جیلوں میں قید ایک تہائی افراد کو رہا کرنے کے لیے قانون سازی کر لی ہے۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ‘ٹی آر ٹی’ کی رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ نے پینل ریفارمز بل کی منظوری دے دی ہے۔ اس بل کے تحت ہزاروں قیدوں کی سزاؤں میں کمی یا نرمی کی جا رہی ہے۔

پارلیمنٹ کے 600 میں سے 279 ارکان نے بل کے حق میں ووٹ دیا جب کہ 51 نے اس کی مخالفت کی۔

برطانوی خبر رساں ادارے ‘ رائٹرز’ کے مطابق قیدیوں کی رہائی کے بل کی حمایت صدر رجب طیب ایردوان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی (اے کے پارٹی) اور ان کی اتحادی قوم پرست جماعتوں نے کی۔

اس بل کی منظوری کے بعد عارضی طور پر 45 ہزار کے قریب قیدی رہا ہونے کا امکان ہے۔ نئے قانون کے مطابق عارضی طور پر رہا ہونے والے قیدیوں کو مئی کے آخر تک رہا کیا جائے گا۔

نئے قانون کے تحت وزارتِ انصاف مختصر مدت کے لیے رہائی پانے والے قیدیوں کی رہائی کی مدت میں دو بار اضافہ کر سکتی ہے۔ تاہم ہر بار رہائی کی مدت میں اضافہ زیادہ سے زیادہ دو ماہ کے لیے ہو سکتا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY