مریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر اہم عہدوں پر تعیناتیاں کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ وہ اس مقصد کے لیے کانگریس کو ملتوی بھی کر سکتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ سینیٹ میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے اراکین اعلٰی عہدوں پر اُن کی جانب سے کی گئی تقرریاں روکنا چاہتے ہیں۔ لہذٰا وہ اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے کانگریس کے دونوں ایوانوں کو ملتوی کر کے تعیناتیاں یقینی بنائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے جن عہدوں پر تعیناتیوں کی منظوری دی ہے ان میں ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس اور امریکی نشریاتی ادارے ‘وائس آف امریکہ’ کو چلانے والی ایجنسی کے سربراہ کا عہدہ بھی شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے حالیہ دنوں میں وائس آف امریکہ کی کرونا وائرس سے متعلق کوریج پر تنقید بھی کی جاتی رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ یہ اختیار استعمال نہیں کرنا چاہتے تھے۔ ماہرین کے مطابق صدر کے اس اقدام سے وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے درمیان قانونی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ کہتے ہیں کہ “امکان ہے کہ اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کیا جائے گا۔ لیکن دیکھتے ہیں کہ کون جیتے گا۔”











