برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا ہے کہ اُن کا ملک خلیج فارس کے خطے میں اپنی سکیورٹی کمٹمنٹ کو ہر ممکن طریقے سے پورا کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سویز کے مشرق میں برطانیہ کی واپسی ہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار بورس جانسن نے خلیجی ریاست بحرین کے دارالحکومت ماناما میں سالانہ سکیورٹی فورم کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ کے مطابق اُن کا ملک اِس خطے میں گزشتہ دو سو برسوں سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ ماناما فورم کے آغاز سے چند روز قبل برطانوی وزیراعظم ٹریزا مَے نے بھی خلیجی ریاستوں کے ساتھ سربراہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔












