امریکہ میں تین انتہائی اعلیٰ عہدیدار کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر خود قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی کرونا رسپانس ٹیم کے اہم رکن ڈاکٹر انتھونی فاؤچی، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن (سی ڈی سی) کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ اور فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر اسٹیفن ہان اس لیے قرنطینہ میں گئے ہیں کیوں کہ ان کا عملے کے ان ارکان سے سامنا ہوا تھا جن میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشن ڈیزیز کے مطابق ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کو وائرس پائے جانے کے کم درجے پر رکھا گیا ہے۔
ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کی عمر 79 سال ہے۔ ان کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الرجی اینڈ انفیکشن ڈیزیزکے ڈائریکٹر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
ان کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جانے کا بھی کہا گیا ہے۔
سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینٹیشن کے ڈائریکٹر رابرٹ ریڈفیلڈ کے بارے میں سی ڈی سی کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وہ آئندہ دو ہفتے قرنطینہ میں رہ کر فرائض انجام دیں گے۔
سی ڈی سی نے رابرٹ فیلڈ کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ وائٹ ہاؤس میں ان کا سامنا ایک ایسے شخص سے ہوا تھا جو وائرس سے متاثر تھا۔ سی ڈی سی نے انہیں بھی وائرس سے متاثر ہونے کے کم درجے پر قرار دیا ہے۔











