ڈاکٹر نگہت نسیم کی کورونا ڈائری ۔۔۔قسط نمبر31‎

0
734

اپریل 4 / 2020

مسیحاؤں کی موت

مشرق وسطی میں
کیسوں کی تعداد بڑھ کر 60،000 ہوگئی ہے
جو ایک ہفتہ پہلے کے مقابلے میں دوگنا ہے
دنیا بھر میں
کورونا وائرس کے کیسز 10 لاکھ سے تجاوز کرگئے
امریکہ میں 10 ملین سے زائد لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں
دوسری جنگ عظیم کے بعد
پہلی بار ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ منسوخ ہوگیا
آج ہی کے دن
ایک خبر پر تو دل جیسے دھڑکنا ہی بھول گیا
کورونا کی وبا پھیل جانے کے بعد
لوگوں کے دیکھ بھال کرتے کرتے
بغیر کسی وقفے کے
طویل دن اور رات انتہائی دباؤ میں کام کرتے کرتے
دنیا بھر میں
اس وقت تک 1000 سے زیادہ
ڈاکٹرز ، نرسز اور الایئڈ ہیلتھ ورکرز کی اموات ہو چکی ہیں
اٹلی اور اسپین میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں میں
انفیکشن کی شرح بالترتیب نو فیصد اور 14 فیصد ہے
انفیکشن کی شرح کا تعلق
جزوی طور پر ذاتی حفاظتی آلات کی کمی کو وجہ بتایا گیا ہے
ہائے بھلا ایسے بھی کوئی مرتا ہے
آنکھوں میں آنسوؤں سے خبر دھندلانے لگی ہے

کوویڈ 19 سے
مرنے والی نرسوں کی تعداد 100 سے زائد ہے
اور وہ کچھ یوں ہے
اٹلی میں 66 ، چین میں 21 ، امریکی میں 5
فرانس میں 5 ، اسپین میں 5 ، ایران میں 3
امریکہ میں 1، یونان میں 1، پولینڈ میں 1، اور پاکستان میں 1
اٹلی ، جاپان ، ارجنٹائن ، افریقہ کی کئی نرسوں نے
کرونا مثبت ہونے کے بعد خود کشی کر لی
کہ ۔۔ انہیں دکھ تھا
ان سے انفیکشن کتنے ہی اور لوگوں کو لگ چکا ہوگا

کوویڈ 19 سے
مرنے والی ڈاکٹرز کی تعدادکچھ یوں ہے

امریکہ
صحت کی دیکھ بھال کرنے والے 9،000 سے زیادہ
کارکن کورونا وائرس سے متاثر ہیں
جن میں اب تک کم از کم 27 ڈاکٹرز ہلاک ہو چکے ہیں
جن میں نیویارک ، ایمرجنسی روم کے
ڈاکٹر ، 60 سالہ ڈاکٹر فرینک گبرین خاص طور پر شامل ہیں
جو وائرس کی علامات کے مریضوں کا علاج کرتے تھے
پر حفاطتی سامان کی قلت کی وجہ سے خود کو نہ بچا پائے
نیو جرسی میں
ڈاکٹر ستیندر دیو کھنہ
اور ان کی نیفرولجسٹ بیٹی 43 سالہ پریا کھنہ
متاثرہ مریضوں کا علاج کرتے ہوئے
مہلک کورونا وائرس کے مرض میں انتقال کر گئے
میں جان سکتی ہوں
مسیحائی سے وفا کیسے کی جاتی ہے
کچھ بھی تو نظر نہیں آتا سوائے مریضوں کے
جن میں شفا بانٹنے کی قسم ہر ڈاکٹر کھاتا ہے

چین
ڈبلیو ایچ او کے مطابق
چین میں ہر دس ہزار باشندوں کے لئے دو سے کم معالج ہیں
اور ان معالجوں میں بھی
تقریبا 3، 3،300 افراد میں انفکشن ہے
جن میں متاثرہ 8 ڈاکٹروں کی موت کی اطلاع ہے
جن میں ووہان ہوسپٹل کے
ماہر امراض چشم لی وین لینگ
ماہر نفسیات ، لی وینلنگ شامل ہیں
ووہان سنٹرل اسپتال میں
ڈاکٹر لی وین کے 57 سالہ ساتھی میئی ژونگنگ بھی چل بسے
ووہان کے جیانگیا ڈسٹرکٹ پیپلز نمبر 1 اسپتال میں
آئی سی یو کے
ایک 29 سالہ ڈاکٹر ، پینگ ینہوا
انتقال کرنے والے کم عمر ڈاکٹروں میں شامل ہوگئے
ووہان کے یونین جیانگبی اسپتال میں کام کرنے والی
ایک 29 سالہ معدے کے امراض کی ماہر زیا سیسی انتقال کر گئیں
سوچ رہی ہوں
ایک حیات تازہ کے لئے
ایک حیات فانی ہو رہی ہے

اٹلی
اب تک 100 سے زائد
ڈاکٹروں کی وائرس سے موت ہو چکی ہے
اٹلی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی اطلاع کے مطابق
اٹلی میں صحت کے تقریبا. 9000 کارکن متاثر ہوئے ہیں
حالیہ اموات میں
روم سے تعلق رکھنے والے ماہر امراض چشم ، روڈرو ملیٹی
لمبرڈی کے برگامو سے تعلق رکھنے والے ایک جنرل پریکٹیشنر (جی پی)
اور میسینا سے تعلق رکھنے والے جی پی ، گیانا ٹرامریچھی شامل ہیں
اطلاعات کے مطابق
تینوں ڈاکٹروں کی ایک ہی دن موت ہوئی تھی
ڈاکٹروں کی تقریبا تمام اموات شمالی اٹلی میں ہوئی ہیں
ہلاکتوں میں متعدد
پلمونولوجسٹ ، ایک اینستھیزولوجسٹ ، ایک ایپیڈیمولوجسٹ
ایک امراض چشم ، ایک جی پی اور دانتوں کے ڈاکٹر بھی شامل ہیں
میں سوچ رہی ہوں
ان قیمتی اموات کی وجوہات کے خانے میں سچ لکھا گیا ہو گا
فرنٹ لائن ورکرز یوں مرے تھے ۔۔۔کہ ۔۔۔
ان کے پاس ماسک ، دستانے ، ڈسپوزایبل گاؤن ، حفاظتی چشمے نہیں تھے
کئی ایک کو تو وینٹی لیٹر تک میسر نہیں ہوا
آہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ کیا سچ لکھا گیا ہوگا ؟

برطانیہ
کورونا وائرس وبائی مرض نے
اب تک برطانیہ میں 8 ڈاکٹروں کی جان لی ہے
اور وہ سب کے سب تارکین وطن تھے
جو
ہندوستان ، مصر ، نائیجیریا ، پاکستان
سری لنکا اور سوڈان سے آئے تھے
کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے 8 ڈاکٹروں میں
سوڈان کے 55 سالہ امجڈ الہورانی اور 64 سالہ عادل ال طیار
پاکستان کے 76 سالہ جی پی حبیب زیدی
نائیجیریا کے 68 سالہ الفا سعدادو جو عضو ٹرانسپلانٹ کے ماہر تھے
بھارت کے 62 سالہ جتیندر راٹھور جو ہارٹ اسپیشلسٹ تھے
سری لنکا کے 70 سالہ سرجن انتون سیبسٹین پلئی
مصر کے بریسٹ ٹشو ایگزامینر 79 سالہ سرجن محمد سمیع شوشہ
اور پاکستان کے ایک اور جی پی سید حیدر شامل ہیں
اور اس وقت بھی 5 ڈاکٹرز وینٹی لیٹر پر ہیں
ہائے یہ مسیحا
کبھی زندہ انسانوں کی داستان تھے
جو اب خود داستان ہونے جا رہے ہیں

فرانس
فرانس میں اب تک 5 ڈاکٹروں کی اموات ہو چکی ہیں
جن میں ایک مشرقی فرانس کے 68 سالہ ایمرجنسی ڈاکٹر ہیں
ایک 66 سالہ گایئناکولوجسٹ ایک 60 سالہ جی پی تھے
مشرقی فرانس کے کولمار کے ایک اسپتال میں 70 سالہ ڈاکٹر کی بھی موت ہوگئی
شمال مشرقی فرانس میں ایک اور 68 سالہ ڈاکٹر کا انتقال ہوا
فرانس میں ایک فٹ بال کلب کے ڈاکٹر برنارڈ گونزالیز نے
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خودکشی کر لی
فرانسیسی وزیر صحت اولیور ورن نے کہا
“ہمارے ملک میں
آج ڈاکٹروں کے عظیم کنبے نے
بہت بھاری قیمت ادا کی ہے۔”
اور میں سوچ رہی ہوں ۔۔۔
حیات کسقدر ناپایئدار سی ہے
سراب سمجھوں کہ حباب جانوں
اور یہ بھی کہ ۔۔۔ کیا لواحقین دار القرار میں رہ سکیں گے ؟

اسپین
اسپین کے ایمرجنسی کوآرڈینیشن سینٹر کے مطابق
یہاں کم از کم 9،444 متاثرہ طبی کارکن ہیں
جو اسپین کے کل کیسوں کا تقریبا 12 فیصد ہے
اسپین میں اب تک 4 ڈاکٹروں کی موت ہو چکی ہے
جن میں ایک 28 سالہ ڈاکٹر بھی شامل ہے
صرف بارسلونا میں
کم سے کم 5 متاثرہ ڈاکٹروں کی موت کی اطلاع ہے
سوچ رہی ہوں
خدا جانے جانے کوئی اب
اپنے بچوں کو ڈاکٹر یا نرس بنائے گا بھی کہ نہیں

ایران
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق
ایران میں کورونا وائرس سے
کم از کم 13 طبی کارکنوں کی موت کی اطلاع ہے
جن میں 2 ڈاکٹرز ہیں
ایرانی صدر حسن روحانی نے دعویٰ کیا ہے
کہ ملک میں ہلاکتوں کی تعداد کم ہو رہی ہے
جبکہ مجھے لگ رہا ہے
کورونا ٹیسٹ نہ ہونے کی وجہ سے مریض اوجھل ہیں
یوں لگ رہا ہے
جیسے
پوری دنیا
زندان میں بدل رہی ہو
اور ہم سے
ہمارے خدا نے
کنارہ کر لیا ہو

یونان
یورپی ڈاکٹرز کے مطابق 115 افراد کورونا سے متاثر ہیں
جن میں سے 500 کارکن جبری تنہائی میں ہیں
اور ایک ڈاکٹر انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے
یوں لگ رہا ہے جیسے
زمین اور آسمان
مل کر کوئی برا خواب دیکھ رہے ہیں

پولینڈ
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق
اس وقت لگ بھگ
صحت کی دیکھ بھال کرنے والے 4،500 قرنطینہ میں ہیں
ڈاکٹر ، نرسیں ، پیرا میڈیکس کے 461 افراد انفکشن زدہ ہیں
جن میں ایک ڈاکٹر کی موت ہوگئی ہے
یوں لگ رہا ہے
جیسے مسیحا نے اپنی جان کو دان کر دیا ہو
تاکہ ۔۔۔ باقی سب ساتھی بچ جایئں ۔۔
اے کاش ۔۔ایسا ہی ہو

پاکستان
سندھ کے محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق
اب تک فرنٹ لائن 193 ورکرز میں کورونا انفیکشن ہے
جن میں 7 ورکرز کی اموات کی اطلاع ہے
جب کہ کراچی کے شہید بے نظیر بھٹن ٹروما سینٹر میں
صحت کی دیکھ بھال کرنے والے 34 افراد کو انفیکشن ہے
جن میں 13 ڈاکٹرز شامل ہیں
اور ان میں سے
ایک سینئر ڈاکٹر عبد القادر سومرو انتقال کر گئے ہیں
خیبر پختونخواہ میں بھی نو ڈاکٹروں اور سات نرسوں سمیت
ایک درجن سے زائد صحت کے پیشہ ور افراد کو کورونا انفیکش ہے
ملک کے شمالی صوبے گلگت میں
چھبیس سالہ ڈاکٹر اسامہ ریاض کورونا انفیکشن سے انتقال کر گئے
ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں
ملتان کا نشتر اسپتال وائرس کا نیا مرکز بن کر سامنے آیا ہے
اسپتال میں 27 سے زیادہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس میں انفیکشن ہے
اب بھی خطرہ ختم نہیں ہوا ہے
لیکن حفاطتی ماسک ، گلوز، وائزرز کی عدم دستیابی
اور غیر معیاری پی پی ای سے متعدد ڈاکٹروں کی جان کو خطرہ ہے
یہ بلکل ایسا ہی ہے
جیسےفرنٹ لائن فوجیوں کو
غیر مسلح کر کے
میدان جنگ میں اتار دیا جائے

انڈیا
سرکاری ذرائع کے مطابق
کورونا وائرس نے اب تک
ملک بھر میں 548 کے قریب ڈاکٹروں
نرسوں اور پیرا میڈیکس کو متاثر کیا ہے
اب تک ایک 61 سالہ جنرنل فزیشن ڈاکٹر وفات پا چکے ہیں
مجھے یقین ہے
ایک دن ہمارا یہ حال ماضی ہو جائے گا
اور ۔۔ ہم سب
اپنے اپنے غموں کی گھٹریاں کھولیں گے
ایک دوسرے سے کہیں گے
نفرتوں کی سزا یہی ہوتی ہے
کاش ۔۔۔ ہم نے
جوہری ہتھیار جمع کرنے کی بجائے
بہت سارے ہسپتال بنائے ہوتے

ترکی
ترکی میں
مجموعی طور پر 15،679 کورونا کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں
جن میں 600 سے زائد
صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکن ہیں
جن میں سے ایک ڈاکٹر کی موت ہوئی ہے
جس سے ہلاکتوں کی تعداد 277 ہوگئی ہے
میں خاموشی سے بیٹھی
حالات کا مشاہدہ کر رہی ہوں
اور ۔۔۔۔۔ ڈر رہی ہوں
زندگی کہیں کھنڈر نہ ہو جائے
بودھ کے مندروں جیسے
تاریک اور کھنڈر

سعودی عرب
اس وقت سعودی مملکت میں
وائرس کے کل 31،938 واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں
اور ۔۔۔ ہلاکتوں کی تعداد 209 ہوگئی ہے
سفارت خانے سے دستیاب
معلومات کے مطابق
مرنے والوں میں پانچ ہندوستانی شہری بھی ہیں
لیکن کسی
ہیلتھ ورکر کی موت ریکارڈ پر نہیں ہے
اے میرے پروردگار
اس کائینات کے
ہر بگاڑ کو سنوار دے

کینیڈا
ٹورنٹو پبلک ہیلتھ کا کہنا ہے
شہر میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے
کارکنوں کی تعداد 31 ہے جن میں 12 ڈاکٹرز ہیں
جنہیں کورونا انفیکشن ہے
اونٹاریو میں صحت کی دیکھ بھال کرنے والے 27 یونٹ ہیں
جن میں 622 کارکنان کو کورونا انفیکشن ہے
تاہم کسی کی موت کی اطلاع نہیں ہے
اے میرے پروردگار
اس حقیقیت کو فسانہ نہ بنانا
کائینات کی نبضیں
کبھی ڈوبنے مت دینا

کورونا وائرس سے
کسی کی بھی موت ہو
ایک انفرادی انسانی المیہ ہی نہیں
بلکہ ۔۔ پوری دنیا کے لئے
ایک یاد دہانی ہے
کہ ۔۔ عالمی وبا
انتہائی سنجیدہ مسلہ ہے
اور ۔۔۔ ہم سب کو
اس بحران کو سنجیدگی سے لینا چاہئے
عالمی وبا کرونا وائرس اور تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں سے
پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو
خوفناک معاشی بحران کا سامنا ہے
جس میں قرضوں کے اضافے شامل ہیں
جس سے صحت کے شعبے پر تباہ کن اثرات مزید رونما ہونگے
سوچ رہی ہوں
ہمارا عہد دنیا کی تباہی کا جشم دید گواہ ہے
کیا ہماری پرانی دنیا
اک نئی دنیا میں بدل رہی ہے
کیا نئی دنیا میں
ہم انسان
باہم محبت کا رشتہ قائم رکھ پایئں گے
کیا پرندے
بے خوفی سے آسمان کی سیر کر سکیں گے
کیا ہم
غربت اور سرمایہ داری کے بیچ فرق مٹا سکیں گے
کیا ہر فرد
اپنا ضمیر
زندہ و روشن رکھ پائے گا
اخوت ، مساوات ، رواداری کو اپنا سکے گا ؟
کتنے ہی سوال ہیں
جن کے جواب میں گہری خاموشی پھیلی ہوئی ہے

ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

LEAVE A REPLY