سب سے پہلے کرونا کی بات کہ اسکی تباہ کاریاں اور اس کے ساتھ عجیب و غریب تھیوریز چل رہی ہیں ۔کوئی کہہ رہا ہے کہ ویکسین کے نام پر سب کے جسم میں ایک چِپ لگا دی جائے گی ۔کوئی کہتا ہے کہ انسانی وائرس ہے امریکہ کہتا ہے چین نے بنایا چین کہتا ہے امریکہ نے بنایا ،کوئی کہتا ہے یہ سارا تیل کی مونوپلی ختم کرنے کے لئے کیا گیا ہے تاکہ عرب ممالک سے ان کے تیل کا اعزاز چھین لیا جائے ۔غرض یہ کہ جتنے منہ ان سے دوگنی باتیں آج کل عام ہیں ۔اور ہماری عقل کا امتحان لے رہی ہیں ۔ویسے تو ہمارا پکا ایمان ہے کہ اللہ کے حکم کے بغییر نہ سانس آسکتا ہے نہ جا سکتا ہے لیکن یہ بھی ایمان کا حصہ ہے کہ جب اللہ خدانخواستہ ناراض ہو تو کچھ بھی امتحان لے سکتا ہے ساری دنیا سے ۔کیونکہ ساری دنیا اُسی کی تخلیق ہے جب چاہے مٹا دے گا کسی بھی بات کو بہانہ بنا کر ۔
لیکن ضروری ہے کہ اپنی کوتا ہیوں کا ادراک کیا جائے اور اس کی طرف رجو۔ع کیا جائے تاکہ وہ ہم پر رحم فرمائے حالات کتنے بے قابو ہیں ہر شخص جانتا ہے ساری دنیا معاشی اور بے روز گاری کی عفریت کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ ہم نے پہلے بھی لکھا اور اب بھی لکھتے ہیں کہ اس کے بعد دماغٰی خلجان کا وسوسہ جنم لے گا زہنی بیماریوں میں اضافہ ہوگا ،اس معاملے میں مغرب والے زیادہ ٹچی ہیں انکا دماغ گھومتے دیر نہیں لگتی، کوئی بھی بندوق لے کر کھڑا ہوجاتا ہے اور دسیوں زندگیاں ختم ہو جاتی ہیں ۔اس لئے سب کو ہی احتیاظ اور بچاؤ کی خاطر اُن باتوں پر عمل کرنا چاہئے جن سے ہم اس وباّ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتِ حال سے نمٹ سکیں ۔اس وقت تو حال یہ ہے کہ
؛؛اُتارے کون لحد میں ہر اک کو خوفِ جاں اپنا ۔۔کرونا وائرس نے کر دیا ہے شاید کام اپنا
جہاں تک پہلی بات ہے کہ ویکسین کے زریعے چپ سب کے جسم میں ڈال دی جائے گی تو ہم تو بے فکر ہوگئے ہم کوئی اتنے اہم ہیں ہی نہیں کہ ہماری حرکات سکنات کوئی ٹریس کرے ہاں بڑے بڑوں کو فکر کرنی چاہئے ،لیکن اس پر کبھی کبھی ہمیں بھی خوف آتا ہے کہ اگر خود بنایا اور قابو سے باہر ہو گیا تو پھر تو اللہ رحم فرمائے کہ اب اس کا توڑ شاید ہی نکل سکے ۔لیکن ہم پُر امید بندے ہیں اس لئے سوچتے ہیں کہ اللہ ہماری توبہ اور استغفار سن کر ضرور اس بلا کو ٹلا دے گا مگر سب کو ہی اپنے اپنے گریبانوں کا ایک چکر لگا لینا چاہئے تاکہ اب تک جو کچھ کیا ہے اس پر توبہ کی توفیق نصیب ہو سکے ،
اب آتے ہیں اپنے عنوان کی طرف یہ جملے سنتے سنتے ہم جوان سے بوڑھاپے کی طرف قدم رنجہ فرما رہے ہیں لیکن آج تک ان ثبوتوں نے کسی کا کچھ نہیں بگاڑا بلکہ انہیں اتنی سہولتیں دیں کہ وہ باہر بھاگ گئے مفرور کہالائے مگر کوئی بات نہیں چمڑی جائے دمڑی نہ جائے ،بیٹے، داماد، سسر ، سمدھی،لیڈر سب باہر اور وہاں کی آب وہوا انہیں اپنے بازوؤن میں جھولا جھلاتی ہوئی ۔چھوٹےمیاں واپس آئے کہ دو صحافیوں اور کچھ لوگوں نے ان سے کہا تھا کہ واپس آئے حضور کرسی تیار ہے ۔جیسا کہ ایک کالم میں لکھا گیا لیکن جب یہاں پہنچے تو کرونا کا ماسک تیار تھا اور گھر کی چار دیواری ۔چھوٹے میاں پھنس گئے یا پھنسا دئے گئے یہ تو اللہ ہی جانے لیکن حال یہ ہے کہ ثبوت پر ثبوت مل رہے ہیں لیکن وہ عدالت نہیں وہ نیب نہیں جو انہیں پکڑ سکے ۔
زرداری پکڑے گئے تھے ضمانت مل گئی ،فریال تالپور ضمانت پر ،خورشید شاہ ضمانت پر ،شاہد خاقان ضمانت پر ،خواجہ برادران ضمانت ،اگر لکھتی جاؤن تو شاید کالم کے لئے وقت نہ بچے ثبوت سب کے پکے لیکن عدل کہیں نہیں ، ضمانت کیوں دی جاتی ہے یہ عقدہ ہماری سمجھ میں آج تک نہیں آیا ۔ہماری سمجھ میں یہ بھی کبھی نہیں آیا کہ ملک کا قانون صرف بڑوں کو کیوں یہ سہولت دیتا ہے غریب تو مرتے مر جاتا ہے ضمانت تو دور کی بات اسکی تو پیشی بھی نہیں ہوتی ۔ثبوت جھوٹے ہوں تب بھی رہائی نہیں ملتی ،پھر ہم یہ سوچنے پر مجبور ہوتے ہیں کہ کیا ایک دفعہ انصاف کے اداروں کو بھی نہ کنگھال لیا جائے، نیب میں بھی نہ چھان بین کر لی جائے کہ اتنے ثبوت ہونے کے باوجود ملزم بچ کیسے جاتا ہے ۔؟
ویسے چھوتے میاں نے کہا ہے کہ پورے ملک میں سب سےزیادہ خطرہ انکی جان کو ہے کرونا کا ،اور شاید ملک میں سب سے زیادہ قیمتی جانیں بھی ان ہی کرپشن کرنے والوں کی ہیں اس لئے انہیں تو ہر حال بچانا ہوگا ۔سب سے بڑی خبر جو ریکارڈ ہونا چاہئے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا وہ ہیں وہ بھینسیں جنہوں نے شھباز صاحب کو کھرب پتی بنا دیا صرف دس میرے ملک کی بھینسیں اتنا کما گئیں کہ نہ صرف ملک میں بینک بھر گئے بلکہ لندن اور امریکہ میں بھی جائیدادیں بن گئیں ۔بلا وجہ خان کا مزاق اُڑا رہے تھے کہ بھینس دینے سے کیا ہوگا ؟
خاقان عباسی صاحب کی باتیں سُن کر سر شرم سے جھک گیا کہ ہم نے بھی کیسے کیسے وزیرِ اعظم بُھگتے ہیں ۔دکھ یہ ہے کہ ماں باپ جو انتہائی احترام کے رشتے ہیں سب کے لئے انہیں بیچ میں لاتے ہیں جن بیچاروں کا کوئی عمل دخل بھی نہیں ہوتا کسی بات میں ۔ جب چاہے جہاں چاہے ماں کو برا بھلا کہتے ہیں جب چاہیں جہاں چاہیں باپ کو بیچ میں لے آتے ہیں ۔حالانکہ ہمارے بڑوں کی تربیت کا حصہ تھا کہ کبھی بلا وجہ کسی کے ماں باپ کو برا نہ کہو وہ تمہارے ماں باپ کو برا کہیں گے ۔مگر ہم نے جہالت کا جو پرچم بلند کر رکھا ہے اُس نے اچھی باتوں اور اچھی سوچ سے ہمیں کوسوں دور پھینک دیا ہے ۔پھر ہم کس طرح اپنی نئی نسل سے عزت اور احترام کی طلب کر سکتے ہیں ۔
سب کو سنبھلنا چاہئے ۔اس سے زیادہ سخت وقت شاید اس صدی میں کبھی نہ آیا ہو اس لئے اس نئی مشکل سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ اپنی طرف بھی توجہ دیں ملک کو کرپشن کی وباء سے بھی نکالیں جن کے خلاف ثبوت ہیں انہیں سخت سزا دیں انکے بینک اکاؤنٹ فریز کریں انکی جائیدادیں نیلام کریں اور عوام کا پیسہ نکلوائیں ورنہ سب ایک ہی صف میں ہوں گے اور ہماری امیدوں کا جنازہ نکل جائے گا بڑی دھوم سے ۔
اللہ سب پر رحم فرمائے سب کو صحت اور زندگی دے ،آنے والی مشکلوں سے بچائے توبہ اور استغفار کی طرف راغب فرمائے اس وباء سے نجات دے آمین
اللہ میرے ملک کا محافظ ہو اور اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے حفاظت فرمائے آمین
ثبوت اتنے ہیں بچنا مشکل ہے, عالم آرا
1172
0












