پاناما کیس میں شریف خاندان کی سپریم کورٹ میں نمائندگی کرنے والے وکلاء پھر تبدیل ہوگئے، کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کی پیروی سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کے بجائے اب ایڈووکیٹ مخدوم علی خان کریں گے۔
یاد رہے کہ پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت کے لیے نئے لارجر بینچ کے قیام کے بعد کیس کی دوبارہ سماعت 4 جنوری سے شروع ہوگی۔
نئے لارجر بینچ کی جانب سے سماعت کیے جانے سے قبل ہی شریف خاندان کے وکلاء میں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے وکلاء بھی تبدیل ہوگئے ہیں، ایڈووکیٹ اکرم شیخ کے بجائے اب ان دونوں کی پیروی سلمان اکرم راجا کریں گے۔
دوسری جانب نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی پیروی سینئر وکیل شاہد حامد کریں گے۔
قبل ازیں پاناما کیس میں وزیراعظم اور ان کے بچوں کی پیروی سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کررہے تھے، 14 نومبر کو وزیراعظم کے بچوں نے وکیل کی تبدیلی کی درخواست دیتے ہوئے سینئر قانون دان بیرسٹر اکرم شیخ کی خدمات حاصل کرنے کی استدعا کی تھی۔












