بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر فرانس پہنچ گئے ہیں جہاں وہ فرانس کے قومی دن پر خصوصی پریڈ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔

وزیرِ اعظم مودی کے اس دورے میں بھارت اور فرانس کے درمیان دفاعی ساز و سامان کی خرید و فروخت کے اہم سودے بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

جمعرات کو فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں نے بھارتی وزیرِ اعظم کا پرتباک استقبال کیا۔

کچھ ہفتے قبل نریندر مودی کو اسٹیٹ وزٹ پر امریکہ نے بھی مدعو کرکے انہیں غیر معمولی اعزاز دیا تھا۔

مبصرین کےمطابق یوکرین جنگ پر اختلافات اور بھارت میں انسانی حقوق پر تحفظات کے باوجود چین سے متعلق اپنے مشترکہ خدشات کی وجہ سے مغربی ممالک نئی دہلی کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کر رہے ہیں۔

فرانسیسی صدر کے ایک قریبی مشیر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ بھارت ہماری انڈو پیسفک اسٹریٹجی کا اہم ترین ستون ہے۔

صدر میکخواں نے بھارتی وزیرِ اعظم کو 14 جولائی کو فرانس کے قومی دن کی پریڈ میں مہمانِ خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے۔

اس پریڈ میں دونوں ممالک کے قریبی دفاعی تعلقات کے اظہار کے لیے بھارتی افواج کے دستے بھی شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ بھارتی پائلٹ فرانسیسی ساختہ جنگی طیاروں کی پرواز کا مظاہرہ کریں گے۔

بھارت فرانس سے ہتھیار خریدنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ 2015 میں نریندر مودی نے فرانس سے تقریباً سوا چار ارب ڈالر مالیت کے 36 رافیل طیاروں کی ڈیل کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY