اسلام آباد میں متعین بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو دفترِ خارجہ طلب کر کے 9 جون کو بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن کے جندروٹ سیکٹر پر فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔
دفتر ِخارجہ سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارت کار کو طلب کر کے کنٹرول لائن کے جندروٹ سیکٹر پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
گزشتہ روز کی گئی بھارتی افواج کی فائرنگ سے ایل او سی کے گاؤں ڈیرہ شیر خان، ساندرا اور بمروچ گاؤں میں 2 بچوں اور 2 خواتین سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے بھارتی سفارت کار کو بتایا گیا کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحے سے نشانہ بنا رہے ہیں۔
بھارتی سفارت کار کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے، بھارت 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے۔












