بھارت کے سفارتی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں بھارت کے ہائی کمیشن میں تعینات دو اہلکار پیر کو اسلام آباد سے لاپتا ہو گئے ہیں۔
بھارتی ہائی کمیشن نے وائس آف امریکہ کو تصدیق کی ہے کہ اُن کے دو اہلکار آج صبح سے لاپتا ہیں اور یہ معاملہ پاکستانی حکام کے سامنے اٹھایا ہے۔
پاکستانی حکام کی طرف سے اس دعوے کے بارے میں تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
بھارت کی وزارتِ خارجہ کی طرف سے مبینہ طور پر لاپتا ہونے والے اہلکاروں سے متعلق اب تک باضابطہ طور پر کوئی بیان نہیں آیا ہے۔
بھارتی میڈیا میں بھارت کے سفارتی ذرائع سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں تعینات بھارت کی سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی ایس ایف) کے دو اہلکار پیر کی صبح ایک گاڑی میں اپنے کام کے سلسلے میں ہائی کمیشن کی عمارت سے نکلے تھے لیکن جس مقام پر اُنہیں پہنچنا تھا وہاں وہ نہیں پہنچ سکے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھارت نے نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشن کے ویزا سیکشن میں کام کرنے والے دو اہلکاروں پر جاسوسی کا الزام عائد کیا تھا اور مبینہ طور پر اُنہیں حراست میں لے کر ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک سے بے دخل کر دیا تھا۔
پاکستان نے بھارت کے الزمات کو مسترد کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی تھی۔
پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام نے پاکستانی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو غلط اور بے بنیاد الزامات پر حراست میں لیا تھا۔
یہ معاملہ ایک ایسے وقت سامنے آیا تھا جب پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدگی کا شکار ہیں جس کے اثرات دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات سے بھی نمایاں ہو رہے ہیں۔













