وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے مختلف شہروں میں رینجرز پر کئے جانے والے بم حملوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کراچی، لاڑکانہ اور گھوٹکی میں احساس کیش سینٹرز پر مامور رینجرز اہلکاروں پر دہشت گردوں کے بم حملوں پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان حملوں کی فوری تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ دہشت گردوں کا کڑا محاسبہ ممکن ہوسکے۔

گزشتہ روز گھوٹکی میں رینجرز موبائل کے قریب دھماکے میں 2 اہلکار اور ایک شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔ واقعے میں رینجرز اہلکار اور ایک شہری زخمی بھی ہوا تھا۔

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں بھی کورونا لاک ڈاؤن متاثرین کو رقوم دینے کے سرکاری احساس پروگرام میں بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئےتھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY