پاکستان اسپورٹس بورڈ نے انٹرنیشنل مقابلوں میں میڈلز جیتنے والوں کے لیے انعامی رقم میں اضافہ کردیا۔

34 ویں بورڈ اجلاس میں منظوری کے بعد ری وائزڈ کیش ایوارڈ پالیسی جاری کردی گئی، اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر انعامی رقم ایک کروڑ سے بڑھا کر تین کروڑ کردی گئی ہے۔

اولمپکس میں سلور پر دو کروڑ اور برانز پر ایک کروڑ انعام ملے گا، پہلے اولمپکس سلورمیڈل پر 75 لاکھ اور برانز پر 50 لاکھ انعام تھا۔

اس کے علاوہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل کی انعامی رقم 75 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ پچاس لاکھ کردی گئی، ایشین گیمز سلور میڈل پر 70 اور برانز پر 50 لاکھ ملیں گے۔

کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈل کی انعامی رقم 50 لاکھ سے بڑھا کر 75 لاکھ کردی گئی۔ کامن ویلتھ سلور میڈلسٹ کو 50 اور برانز میڈلسٹ کو 30 لاکھ ملیں گے۔

نئی اسپورٹس پالیسی میں ورلڈ چیمپئن شپ کو تین حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے، ہر چار سال بعد ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر 75 لاکھ انعام ملے گا۔

پالیسی میں ایشین چیمپئن شپ کے ایونٹس کو بھی تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، کامن ویلتھ اور جونیئر سطح کے ایونٹس کے لیے بھی چیمپئن شپ کی معیاد کے مطابق انعامات طے ہوئے ہیں۔

اسپورٹس پالیسی میں اسنوکر کے لیے علیحدہ انعامی پالیسی مقرر کی گئی ہے۔

اسنوکر ورلڈ چیمپئن شپ جیتنے پر 15 لاکھ ، ایشین چیمپئن شپ پر ساڑھے سات لاکھ انعام دیا جائے گا، پالیسی میں اسکواش میں برٹش اوپن یا مساوی ایونٹ جیتنے پر ایک کروڑ روپے کا انعام ملے گا۔

جونیئر اسکواش ایونٹس جیتنے والے پلیئرز کو پالیسی کے تحت 50 لاکھ روپے کا انعام ملے گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY