جماعت ہشتم کا سال بہت ہنگامہ خیز اور تلخ وشریں یادوں سے بھر پور ہے.
صدر ایوب خان کے دس سالہ دور اقتدار میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے تذکرے سے معاشرتی علوم کے صفحات بھرے پڑے تھے. پھر ان کا جشن منانے کے لئےعشرہ منایا گیا. اور سکول میں بھی گویا رنگارنگ تقریبات کی بہار آگئی (جس کا ذکر میں گزشتہ قسط میں کر چکی ہوں. )تقریری مقابلے، بیت بازی،میلاد النبی، مشاعرہ، ڈرامہ وغیرہ وغیرہ 0ساتھ ساتھ بحث مباحثہ بھی چلتا رہا. میری دوست روشی کے والدگل محمد خان کوہاٹ کے بہت نامی گرامی وکیل تھے. اور اندرا گاندھی کے کلاس فیلو رہ چکے تھے. اور اب غفار خان کے ہم نوا تھے.لوگ غفار خاں اور ان کے ساتھیوں کو کانگریسی کہہ کر پکارتے. عام لوگ اب بھی مسلم لیگ سے دلی لگاو رکھتے تھے. اور اتنی ہی نفرت کانگریس اور ان کے ہمدردوں سے کرتے تھے. کتابیں، بیت بازی، اور ہمنوای کے علاوہ سیاسی طور پر شدید اختلافات تھے. سو ہماری اس موضوع پر گرما گرم بحث رہتی اور ہماری باقی ہم جماعت لڑکیاں بڑے ذوق و شوق سے تماشائی ہوتیں.مگر تفریح کا وقفہ ختم ہوتے ہی بحث ختم اور پھر ہنستے مسکراتے کلاس میں واپسی. اسی سال ایک اور مضمون امور خانہ داری کا بھی اضافہ ہوگیا. ہفتے میں ایک دن عملی طور پر کام ہوتا. اور لڑکیاں مٹی کے تیل کے چولہے، دیگچیاں وغیرہ اٹھاے پیدل سکول آ تیں اس زمانے میں پلاسٹک کی رنگ برنگی تاریں ملتی تھیں ان تاروں سے لوگ پرس اور ٹوکریاں بناتے تھے ۔(سکول میں بھی سکھایا کہ کیسے بنتی ہیں )لڑکیاں ان ٹوکریوں میں برتن اور سارا سامان رکھ کر اٹھاے ہوےآتیں. ہماری امور خانہ داری کی خورشید آپا جی تھی. جنہوں نے شادی نہیں کی تھی -اب یاد آتا ہے کہ ہماری ہیڈ میسٹریس اورایک دو کے علاوہ باقی تمام اساتذہ ناکتخدا تھیں. مس قیصر، قمر، فاروق آپا جی، مریم شینواری، مریم قریشی، اور مس شکیلہ عباسی اور بہت سی جن کے نام اس وقت زہن میں نہیں آرہے. ویسے حیرت ہے. کہ زمانے کے انداز بدل گئے. روایات رسم و رواج سب کچھ یکسر تبدیل ہو کر رہ گیا ۔ مگر نہیں بدلی تو یہ روایت کہ آج بھی اگر تعلیمی اداروں میں جا کر دیکھیں تو اکثریت بن بیاہی لڑکیوں اور ادھیڑ عمر خواتین کی ہے. وجہ معاشی سماجی جو بھی ہو مگر یہ ایک تلخ حقیقت ہے. لیجئے بات امور خانہ داری سے کہاں نکل گئی. امور خانہ داری والادن بھی مزے کا ہوتا جب ہنستے کھیلتے پکوان بناے جاتے پھر تانبے یا لکڑی کی سینیوں میں سجا کر اوپر نفیس کڑھای سے کاڑھے ہوے رومال سے ڈھک کر سٹاف روم لے جاتے جہاں سب باری باری چکھ کر راے دیتے تو نمبر لگتے. ساتھ زبانی سوال بھی پوچھتی جاتیں. یہ سارے کام چونکہ گروپ میں ہوتے تو ہماری عزت رہ جاتی ورنہ خانہ داری کے تمام کاموں میں کورے کے کورے تھے. گھر میں خالاییں اور اتنے کام کاج کرنے والے تھے کہ کبھی نہ ضرورت پڑی. نہ کتابوں کی دنیا سے نکل کر دیکھا.ہاے کیسے بےخبری اور سادگی والے دن تھے. -یہ سب سادہ، متین سنجیدہ اور اپنے مقصد سے جڑی ہوئی اساتذہ بالکل کانونٹ کی سسٹرز کی طرح
اور نہیں تو مجھ سے اتنا پیار کرنے، خیال رکھنے والی شکیلہ عباسی کی ذاتی زندگی کے بارے میں کچھ جاننے کچھ پوچھنے کی جسارت کی ہوتی کہ ہم نصابی سرگرمیوں اورریہرسل کے دوران تو مواقع ملتے مگر تب اتنی ہمت جرآت کہاں تھی. اور ایسی سوچ بھی کب تھی. اب نگاہوں تلے صورت آتی ہے تو دل کی گہرائیوں سے دعا کرتی ہوں. کہ ابدی زندگی کی خوشیاں اور جنت الفردوس میں بلند درجات حاصل ہوں.
زندگی مزے سے گزر رہی تھی گھر میں فریج کے آنے سے طرح طرح کی چیزیں بننے لگیں. خاص طور پر آئس
کریم کبھی آم کی تو کبھی کھوا ڈال کر قلفے کی طرح. ڈیڈی پھل کھانے کی بجاے جوس پسند کرتے. اس وقت جوسر وغیرہ تو نہیں تھے. ہاتھ سے جوس نکالنے والی مختلف مشینیں تھیں. جن کی مدد سےیہ ٹھنڈے جوس اور آئس کریم ڈیڈی کو بےحد پسند تھی. خود بھی کھاتے دوستوں کو بھی کھلاتے. اس زمانے میں فریج کس کے پاس تھے بھلا. رشتے دار، ملنےجلنے والے برف لینے آتے .ڈیڈی دمے کے مریض تھے – جوس نکال کر فریج میں رکھ دیتی.یہ ٹھنڈے جوس اور آئس کریم ڈیڈی کو بےحد پسند تھی. خود بھی کھاتے دوستوں کو بھی کھلاتے. اس زمانے میں فریج کس کے پاس تھے بھلا. .ڈیڈی دمے کے مریض تھے آے روزکے ٹھنڈے جوس اور آئس کریم وغیرہ نے اپنا رنگ دکھایا. ڈیڈی کی کھانسی بڑھ گئ. مگر یہ کوئی زیادہ پریشانی کی بات نہ تھی. دن میں یا شام کو اکثر سانس پھول جاتی مگر جب کھانس لیتے تو سینہ صاف اور سانس ٹھیک ہو جاتی. پھپھو اماں کو تو اس سے زیادہ شدید دورہ پڑتا. قہوہ پی کر ٹھیک ہو جاتیں انہلیر اس زمانے میں کہاں تھے. زیادہ سے زیادہ کھانسی کا شربت یا شہدچاٹ لیتےسو اس لحاظ سے نہ ڈیڈی نے اہمیت دی نہ ہم نے ۔
ڈیڈی کا کمرا اس گھر کا خوبصورت جزیرہ تھا ۔چار پانچ سیڑھیاں چڑھ کر سرخ چپس کا برآمدہ ساتھ چھوٹا سا لان
جس میں رات کی رانی اور موتیے کے پھولوں کی مہک چھائی ہوتی ۔انگور کی بیل برآمدے کے اوپر چھجہ سا بناتی ہوئ ستون سے لپٹی ہوتی ۔اور کونے میں انار کے درخت پر لگی سرخ سرخ انار کی کلیوں نے آگ سی لگای ہوتی ۔دیوار میں طاقچہ سا بنا ہواتھا ۔جس میں ہر جمعرات کو دیے،موم بتیاں اور اگر بتیاں جلای جاتیں ۔یہ کسی شہید کی یادگار تھی ۔اور خالائیں بہت سے قصے،خواب اور روایات بیان کرتیں ۔یہ کہانی پھر کبھی سہی
اب کمرے کی طرف آتے ہیں ۔بہت بڑا سا کمرہ ایرانی قالین،بہترین صوفوں اور آرائشی اشیا سے مزین تھا ۔جو جگہ جگہ سے لاے گئے تھے ۔اسی کمرے کے ایک کونے میں ڈیڈی کا پلنگ تھا ۔ریڈیو تھے رسالے اور اخبار تھے ۔اور یہاں ساری شام میں اور جگنو ڈیڈی کے پاس بیٹھے ہوتے۔جگنو نت نئے کھلونوں سے کھیلتا بلاک سے مختلف چیزیں بناتا اورڈیڈی دیکھ دیکھ کر خوش ہوتے رہتے ۔ہمارے علاوہ باقی لوگ کسی کام سے بہت مودبانہ اور ڈرے ڈرے اندر آتے اور بات کر کے واپس پلٹ جاتے ۔آنٹی سیڑھیوں پر بیٹھی کھانا ختم ہونے کا انتظار کرتی اور پھر چلمچی لا کر ہاتھ دھلوا کر جاتی ۔گھر کے سربراہ کا کیسا رعب داب اور احترام کیاجاتا یہ آجکل کے بے تکلف والدین کے زیر سایہ پلنے والے بچے کیا جانیں ۔ڈیڈی اپنے دل کی بات کم ہی کسی سے کرتے تھے. بس ان کے موڈ سے پتہ چلتا کہ آج خوش ہیں. آج کچھ رنجیدہ سے ہیں. لیکن کبھی کبھی خلاف معمول پرانی یادوں کو کریدتے ہوے کچھ کہہ دیتے. کبھی خوش ہوتے تو سری نگر، ڈل جھیل، شملہ اور اپنے ان دوستوں کو یاد کرتے جو تقسیم کے بعد چلے گئے. ان کی البم ان مقامات اور دوستوں کی تصویروں سے بھری پڑی تھی. جسے بار بار دیکھنا میرا محبوب مشغلہ تھا –
جس رات ڈیڈی کی طبیعت خراب ہوی اسی دوپہر کا ذکر ہے کہ میں ڈیڈی کے پاس بیٹھی تھی. اب یاد نہیں کہ کیا بات ہوی کہ انہوں نے اپنے خاص انداز میں غالب کے یہ دوشعر پڑھے
آہ کو چاہیے اک عمر اثر ہونے تک
کون جیتا ہے تیری زلف کے سر ہونے تک
ہم نے مانا کہ تغافل نہ کرو گے لیکن
خاک ہو جایں گے ہم تم کو خبر ہونے تک
شام تک معمول کے مطابق کام کرتے رہے. رات کو اچانک سانس پھول گئ. تکیے کے سہارے بیٹھا کر کمرملتے رہے. دباتے رہے. مگر سانس لینے میں دشواری رہی. جیسے تیسے رات گزری. صبح ڈاکڑ ناصر کے پاس پشاور لے جانے کا فیصلہ کیا. اس وقت ڈاکٹر رضا اور ڈاکٹر ناصر بہت بہت مشہور اور خاندانی ڈاکٹر تھے ۔ سہہ پہر کو پشاور کے لئے روانہ ہوے. گھر سے نکلتے ہوے بھی سورہ یسین پڑھ رہے تھے.ان کو پشاور لے کر گئے -تو سب مطمئن سے ہو گئے کہ اب بہتر علاج ہوجاے گا .دیدی بہت رو رہی تھی سب انہیں سمجھا رہے تھے. کہ شام کے وقت نہ روئیں. وہ ان شا اللہ ٹھیک ہو کر آجائیں گے. پھر گھنٹے بعد گاڑی کی آواز آی. کچھ سمجھ نہ آی کہ کیا ماجرا ہے. کیوں اتنی جلدی پلٹ آے. مگر انکل تو چارپائی مانگ رہے تھے. ایک قیامت صغری تھی کہ بپا ہوگئ تھی. سب پچھاڑیں کھا رہے تھے رو رہے تھے. کسی کو اس اچانک حادثے کا یقین نہیں آرہا تھا. انکل بتا رہے تھے. کہ پچھلی سیٹ پر ان کادوست ان کے ساتھ بیٹھا باتیں کر رہا تھا انکل آگے بیٹھے تھے. ڈیڈی کے لب ہل رہے تھے درے کے پاس پہنچ کر انکے دوست نے گاڑی روکنے کو کہا اور پھر انکل کو بتایا کہ پڑھتے ہوے وہ کس آسانی سے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے کہ گردن ایک طرف لڑھکی تو انہیں اندازہ ہوا.
اللہ اور اللہ کے محبوب کے وعدے ہیں. جنت کی بشارت ہے کسی یتیم کی پرورش کرنے پر –
اور انہوں نے تو یتیم یسیر بھانجے بھانجیوں کئ لوگوں کی پرورش کی. زمہ داری اٹھای میری زندگی کا یہ پہلا بہت سخت دن اور موت کی سنگینی کو محسوس کرنا تھا.دنیا جیسے اندھیر ہوگئ تھی. آنسو تھے کہ رکنے کا نام نہیں لے رہے تھے. دل درد سے لبریز تھا. اور آج یہ سب لکھتےہوے پھر دل درد اور آنکھیں آنسوؤں سے بھر گئیں ان کی وفات کے بعد پتہ چلا کہ کتنے لوگوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھا رکھی تھی ۔جب لوگ روتے ہوئے آکر بتاتے ۔انکل بتایا کرتے ۔کہ وہ جب جب قبر پر گئے ۔اجنبی فقیر،نانگے ان کی قبر پر موجود پاے ۔ڈیڈی کو تصوف اور فقیروں،درویشوں سے بھی بہت لگاو تھا ۔مطب پر آنے والے پیوند لگے،میلے کچیلے فقیروں کا اپنے ہاتھ سے علاج کرتے ۔میرے بچپن میں ایک سائیں بابا گھر کے بیرونی کمرے میں مستقل مہمان تھے ۔(اس کے بارے میں ایک مضمون میری کتاب “کہکشاں ہے یہ میرے خوابوں کی ” میں موجود ہے )
ان کی شخصیت کو بیان کرنے کے لئے تو کتاب چاہیے
سفینہ چاہیے اس بحر بےکراں کے لئے
بس ایک شجر سایہ دار تھا جو نہ رہا ۔ایک چھت تھی جو سب کے سروں سے سرک گئ ۔اور جگنو تو گویا عرش سے فرش پر آرہا ۔۔
ڈیڈی جیسا خوبصورت،خوب سیرت،
خوش مزاج ،خوش اطوار اورہمہ صفت شخصیت آج تک نہیں دیکھی ۔
وہ اتنی قد آور شخصیت تھے ۔کہ ان کے بعد ہر کوئی بونا نظر آیا ۔
اللہ سبحان و تعالی انہیں اپنے مقربین خاص میں شامل کرے اور جنت الفردوس میں بلند تر مقام عطا فرمائے آمین ثم آمین ۔














ایک خوبصورت رشتے کی ایسی دلکش عکاسی! یہ آپ ہی کا حصہ ہے۔ آپ کی علمی ادبی اور اخلاقی تربیت میں آپ کے والد مرحوم کا بہت ہاتھ ہے۔ رب عزّوجل مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔
پروردگار آپ کے والد محترم کے درجات بلند فرمائے ۔آپ کی تحریر میں کیا نہیں ہوتا تاریخ کے ابواب سے لے کر معاشرت و ثقافت، دینی اقدار، کے ساتھ ساتھ ادب کی چاشنی۔۔۔۔اللہ تعالیٰ آپ کے، قلم کویونہی رواں دواں رکھے آمین