پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 530 رنز بنا لیے۔

ساؤتھپٹن میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے روز انگلینڈ نے 4 وکٹوں پر 332 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔

زیک کرالی اور جوز بٹلر نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کرتے چلے گئے، دونوں کے سامنے مہمان ٹیم کے باؤلرز بالکل بے بس نظر آئے۔

پاکستان کو پانچویں کامیابی 486 کے مجموعی اسکور پر ملی جب زیک کرالی 267 رنز کی یادگار اننگز کھیل کر اسد شفیق کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

دوسری جانب جوز بٹلر نے پہلے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی اور پھر اننگز کو 152 رنز پر پہنچانے کے بعد فواد عالم کا شکار بنے۔

میچ کے پہلے دن پاکستان کے باؤلرز نے اچھا آغاز کیا اور شروع میں ہی شان مسعود کے عمدہ کیچ کے سبب رورے برنز صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

اس کے بعد ڈوم سبلی کا ساتھ دینے زیک کرالی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے نسبتاً جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 61 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 73 تک پہنچا دیا۔

اس موقع پر یاسر شاہ نے پاکستان کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 22 رنز بنانے والے سبلی کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

کپتان جو روٹ اور کرالی کے درمیان بھی تیسری وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید خطرناک ثابت ہوتی، انگلش کپتان نسیم شاہ کی وکٹ بن گئے۔

ابھی انگلش ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ یاسر شاہ نے اولی پوپ کی وکٹیں بکھیر پر پاکستان کو چوتھی کامیابی دلا دی۔

واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY