پاکستان نے بھارت کی وزارت امور خارجہ کی جانب سے چین-پاکستان وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے مشترکہ اعلامیہ پر جاری بیان کو مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حسین چوہدری کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ پاکستان بھارت کی وزارت امور خارجہ کے ترجمان کے پاک-چین وزرائے خارجہ کے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوسرے دور کے مشترکہ اعلامیے پر ‘غیرضروری اور غیرذمہ دارانہ’ بیان کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی وزارت امور خارجہ کی جانب سے جموں اور کشمیر کو بھارت کا نام نہاد ‘اٹوٹ انگ’ سمجھنا اور اسے ‘اندرونی معاملہ’ قرار دینا مضحکہ خیز ہے اور یہ تاریخی اور قانونی حقائق اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل (یو این ایس سی) کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔












