خیبر پختون خوا کے پشاور ڈویژن کے ضلع مہمند کے علاقے زیارت میں ماربل کی کان سے ریسکیو آپریشن کے دوران مزید 7 لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد واقعے میں جاں بحق مزدوروں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔
کان کے ملبے تلے 11 زخمیوں کو نکال کر اسپتال پہنچا دیا گیا ہے، اب بھی 15 سے 20 مزدوروں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے زیارت میں گزشتہ روز سنگ مرمر کی 6 کانیں اچانک بیٹھ گئی تھیں۔
مہمند میں ماربل کان بیٹھنے سے ہلاکتیں 12 ہو گئیں
پہاڑی سلسلے میں سنگِ مرمر کی کانیں بیٹھ جانے سے درجنوں مزدور ملبے تلے دب گئے۔
ڈی پی او مہمند طارق حبیب کے مطابق جاں بحق ہونے والے بیشتر مزدوروں کا تعلق مقامی علاقے زیارت کلی سے ہے۔
جاں بحق 6 مقامی مزدوروں کی نمازِ جنازہ زیارت کلی میں ادا کرنے کے بعد مقامی قربستان میں تدفین کر دی گئی ہے جبکہ 11 مزدوروں کو زخمی حالت میں باہر نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی جی ریسکیو 1122 بھی ضلع مہمند پہنچ گئے ہیں۔
پاک آرمی، ایف سی کی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی پی او طارق حبیب کے مطابق ملبے میں اب بھی 15 سے 20 مزدروں کی موجودگی کا خدشہ ہے۔
دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں سخت دشواری کا سامنا ہے۔












