کراچی میں اگلے 2ماہ میں سٹی اسٹیشن سے سائٹ تک لوکل ٹرین چلنا شروع ہو جائیگی.

سندھ حکومت اور وفاقی حکومت نےفیصلہ کیا ہے کہ آزمائشی طور پر 12کلو میٹر کے فاصلے پر لوکل ٹرینوں کو شروع کیا جائیگا اور دوسرے مرحلے میں اس کو جدید سرکلر ریلوے نظام کے ساتھ منسلک کردیا جائیگا۔

یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کی سر براہی میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔دونوں نے اپنی متعلقہ ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور حمایت کا احاطہ کیا۔

وفاقی وزیر کی معاونت وفاقی سیکرٹری پی اینڈ ڈی متھر نیاز ،سیکرٹری ریلوے حبیب الرحمٰن ، ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی رفیق چندنا ،پروجیکٹ ڈائریکٹر کے سی آر امیر محمد ، ڈی جی پلاننگ ریلوے عمران مشال، ڈی سی کراچی ارشد سلام خٹک جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ، ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شہلوانی، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی سہیل راجپوت ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ شارق اور وزیراعلیٰ سندھ کے ایڈیشنل سیکرٹری بدر الدین شیخ نے کی ۔

یہ اجلاس وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت کے مابین منعقد ہوا جس میں سی سی آئی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلے اور کراچی شہر میں مقامی ٹرین منصوبے شروع کرنے کے سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کیلئے منعقد کیاگیا۔

اجلاس میں وزیر اعلی سندھ نے بتایاکہ کے سی آر 1964 میں شروع ہوئی اور 1984 تک چلتی رہی، جسے 1999 میں بند کردیا گیا، سندھ حکومت نے کے سی آر کی تجدید 2006 میں منظور کی۔

کے سی آر ای سی این ای سی نے منظور کیا، جس کی مالیت 2.6 ارب ڈالر تھی۔

انہوں نے کہا کہ جے اے آئی سی اے 2012 تک پروجیکٹ کی فزیبلیٹی اور دیگر امور میں رہا اس کے بعد الگ ہوگیا۔

وزیر اعلی سندھ نے 2016 میں وزیر اعظم سے کے سی آر کو سی پی ای سی میں شامل کروایا۔ کے سی آر کا 12 کلومیٹر کا سیکشن پاکستان ریلویز کے پروجیکٹ ایم ایل۔ ون سے اوور لیپنگ کر رہا تھا۔

انہوں نے کہاکہ ای سی این ای سی نے کے سی آر کا پروجیکٹ 2017 میں 207.6 بلین روپے چائینیز لون پر منظور کیا۔ کے سی آر روٹ کی لمبائی 43.13 کلومیٹر ہے۔

آن گرائونڈ 14.95 کلومیٹر اور 28.18 کلومیٹر ایلیویٹ ہوگا۔ اس کے 24 اسٹیشنز ہونگے اور ساڑھے پانچ لاکھ مسافر روزانہ سفر کرینگے۔

کے سی آر روٹ سے تمام تجاوزات ہٹائی گئی ہیں، 5 کلومیٹر تک ٹریک کلیئر ہونا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY