ملک کے مختلف شہروں میں یومِ عاشور پر نکالے گئے جلوس اختتام پذیر

0
1683

نواسہ رسول ﷺ، حضرت امام حسین کی کربلا میں یزیدی فوج کے ہاتھوں شہادت کے دن پر ملک بھر میں شبیہ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے گئے۔

چودہ سو برس پہلے آج پیش آئے سانحہ کربلا کی یاد میں ملک بھر میں مجالس عزا اور جلوس برآمد کیے گئے۔

کربلا میں تین روز کی بھوک اور پیاس کے بعد قتل امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی یاد میں نیاز اور سبیلوں کا انتظام کیا گیا۔

کربلا میں رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے گھرانے پر ڈھائے گئے مظالم کی یاد میں مختلف شہروں میں جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا گیا۔

کراچی میں مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیان کھارادر اور لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والا جلوس کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

اسلام آباد، راول پنڈی، پشاور اور کوئٹہ میں بھی جلوس ، مجالسِ شامِ غریباں میں شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

روہڑی میں ساڑھے 500 سالہ قدیم ضریح نو ڈھالہ کا جلوس 36 گھنٹوں بعد شہدا قبرستان پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

جھنگ اور سرگودھا میں روایتی تعزیوں اور چنیوٹ میں 50 فٹ بلند تعزیوں پر مشتمل جلوس نکالا گیا۔

ملتان میں عالمی شہرت کے حامل استاد اور شاگرد کے تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔ حیدرآباد، لاڑکانہ، مٹیاری، فیصل آباد، گوجرانوالا، مری، رحیم یار خان، بہاول پور، ڈیرا اسماعیل خان، ٹانک، پاڑا چنار، نصیر آباد، حب، گلگت، اسکردو، استور، مظفرآباد اور میرپور سمیت کئی شہروں میں خانوادۂ رسول کو سلام پیش کیا گیا ۔

اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

SHARE

LEAVE A REPLY