گوجرانوالہ میں حکومت مخالف اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ رات گئے ختم ہوا۔ پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کے بعد مریم نواز، بلاول زرداری اور مولانا فضل نے خطاب کیا اور کامیاب جسلے پر گوجرانوالہ کے لوگوں کو مبارک دی
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میں آج عوام کے پاس عوام کا ہی مقدمہ لے کر آئی ہوں۔ حکومت صرف قوم کے ووٹوں سے آنی اور جانی چاہیے۔
گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے تمام شہریوں کے کاروبار بند ہیں۔ ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو عوام کا ایسے ہی برا حال ہوتا ہے جیسا آج آپ کا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں آج یہاں نواز شریف، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری اور مجھ سمیت کسی سیاستدان کا مقدمہ لے کر نہیں آئی بلکہ عوام کے پاس عوام کا ہی مقدمہ لے کر آئی ہوں۔ کسی کو حق نہیں کہ وہ عوامی نمائندے کو نکالے۔ حکومت بنانے اور ختم کرنے کا اختیار صرف عوام کو ہی حاصل ہونا چاہیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تاریخ کا بدترین دور دیکھ رہی ہے۔ لوگوں کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں، پاکستان جب دولخت ہوا اس وقت بھی ملک کا یہ حال نہیں تھا۔
پی ڈی ایم جلسے سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھا کہ یہ میرا گوجرانوالہ کے عوام سے مخاطب ہونے کا پہلا موقع ہے، میں یہاں کے ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی سیاسی جماعت کیلئے قربانیاں دیں اس کی وجہ سے ہی پیپلز پارٹی آج بھی زندہ ہے۔
انہوں نے جلسے میں موجود لوگوں سے سوال کیا کہ کیا انھیں گزشتہ دو سال آنے والی تبدیلی پسند آئی؟ پاکستان کی معیشت تاریخ کا بدترین دور دیکھ رہی ہے۔ لوگوں کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں ہے، پاکستان جب دولخت ہوا اس وقت بھی ملک کا یہ حال نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی یہ ہے آج پاکستان میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔ اشیائے ضروریہ کی چیزیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لے کر پھر رہے ہیں لیکن انھیں روزگار نہیں مل رہا۔ محنت کش اور مزدور کے چولہے بند ہو چکے ہیں۔ یہ عمران خان اور ان کے سیلکٹرز کی تبدیلی ہے۔ آج پاکستان میں ہر شعبہ بحران کا شکار ہے۔
سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عظیم الشان اجتماع کی نگرانی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج عوام کا بپھرا ہوا سمندر جعلی حکمرانوں کی کشتی کو غرقاب کرکے دم لے گا، جمہوریت کے خوبصورت چہرے کو گرد آلود کیا گیا، اب جمہوریت کی صبح طلوع ہونے والی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے پاور شو کے دوران گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عوام اپنے خون پسینے سے جمہوریت کی خوبصورتی کو تابناک کرنے نکلے ہیں، آنے والے دنوں میں جمہوریت تابناک ہوگی،ان کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہوگا، جعلی حکمران اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں، انشاﷲ یہ آنے والا دسمبر نہیں دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت پسند قوتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر جمع ہوگئی ہیں، ان کے اوسان خطا ہوچکے، ہمت جواب دے چکی ہے، پہلوان اکھاڑے میں اتر چکے ہیں، آپ کو پچھاڑنا آتا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ اب عوام کا سمندر کراچی، کوئٹہ، لاہور، ملتان اور پشاور میں آئے گا ، جعلی حکمران کو تخت پر بٹھایا ہے، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ جمہوریت کے قتل کا مجرم کون ہے؟ تحریک اب چل پڑی ہے، یہ سفر منزل پر جا کر ہی دم لے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جب اے پی سی ہوئی انہوں نے کہا کہ آج انڈیا بڑا خوش ہے، تم نے کشمیر کو انڈیا کے ہاتھوں بیچا،انڈیا نے تو اس دن عید منائی تھی، انڈیا نے کشمیر پر قبضہ کیا، تم نے اسے خاموشی سے قبول کرلیا، اے پی سے پر انڈیا خوشی نہیں منا سکتا، انڈیا نے پاکستان کے عام انتخابات میں دھاندلی پر خوشیاں منائیں۔ آج انڈیا میں ماتم بچھ رہا ہے کہ آج پاکستان میں پھر جمہوریت کی بات کی جارہی ہے۔
اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پانچواں صوبہ بنا کر انڈیا کو جواز فراہم نہیں کروگے؟ آج آپ خطے میں جغرافیائی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں، جغرافیائی تبدیلیاں لانا امریکہ کا ایجنڈا ہوسکتا ہے، آپ کس کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو سالوں میں آپ نے جو بجٹ پیش کیے وہ آئی ایم ایف کا تیار کردہ ہے، آپ نے جو قانون سازی کی وہ ایف اے ٹی ایف کے دباؤ کی وجہ سے کی، ہم پاکستان کے اداروں کا احترام کرتے ہیں۔ فوج سے ہماری کوئی لڑائی نہیں، فوج ہمارا ادارہ ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے، آج معیشت زبوں حالی کی انتہا پر ہے، ساحلی اور سمندری علاقوں کو صوبوں کے اختیار سے باہر کیا جارہا ہے جو آئین کے خلاف ہے،ہر صوبے کے عوام اپنے صوبے کے وسائل کے مالک ہیں، ہم کسی کو صوبے کے وسائل پر قبضے کا حق دینے کو تیار نہیں، تصادم سے ملک نہیں چلا کرتے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جلسہ گاہ میں مختلف شہروں سے ملک کی 9 بڑی اور چھوٹی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ شروع جاری رہا۔
پی ڈی ایم آج اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن ) کے گڑھ سمجھے جانے والے شہر گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں جلسے کرے گی، جس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
جلسے اپوزیشن اتحاد کے مرکزی رہنما سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔
/////////////////////
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کہتے ہیں کہ ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں۔
اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، تحریک کا آغاز آج گوجرانوالہ سے ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ منتخب پارلیمنٹ نہیں ہے، پارلیمنٹ عالمی اسٹیبلشمنٹ کی سازشوں سے آئی ہے، عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ہم ایک ناجائز پارلیمنٹ کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ موجودہ حالات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حکومت کو دسمبر نصیب نہیں ہو گا، حالات تبدیل ہو گئے ہیں، اب وہ این آر او مانگ رہے ہیں ہم نہیں دے رہے، ان شاءاللّٰہ انہیں دسمبر نصیب نہیں ہوگا۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
پی ڈی ایم کے آج گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے کو چند گھنٹے باقی رہ گئے، جناح سٹیڈیم میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں، کارکنوں کا جوش وجذبہ عروج پر پہنچ گیا اور مریم نواز لاہور سے گوجرانوالہ کے لیئے روانہ ہو چکی ہیں
سٹیڈم میں قائدین کے بیھٹنے کیلئے 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم میں لائٹس لگا دی گئیں۔ اسٹیڈیم کے چاروں اطراف پی ڈی ایم کے قائدین کے بڑے بڑے فلیکسز آویزاں کر دیئے گئے۔ جناح سٹیڈیم کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینرز کھڑے کے راستے بند کر دیئے گئے۔ 32 مقامات پر کنٹینرز کھڑے کیے گئے ہیں۔
ادھر مریم نواز کے گوجرانوالہ روانگی کے موقع پر 8 مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ لیگی رہنما 2 بجے جاتی امراء سے روانہ ہوں گی، مریم نواز رنگ روڈ سے موٹر وے لنک بابو صابو انٹرچینج سے بند روڈ پر آئیں گی۔ لیگی رہنما بند روڈ سے بتی چوک دریائے راوی کو عبور کریں گی۔
مریم نواز شاہدرہ اور کالا شاہ کاکو استقبالیہ میں لیگی کارکنوں سے مختصر خطاب کریں گی۔ لیگی رہنما کا مرید کے پر استقبال کیا جائے گا۔ مریم نواز کا کامونکے بھی استقبال کیا جائے گا ۔ مریم نواز کو چن دا قلعہ پر استقبال کر کے ریلی کی شکل میں پنڈال میں لے کر جایا جائے گا۔
خیال رہے پی ڈی ایم اور انتظامیہ میں جناح سٹیڈیم گوجرانوالہ میں جلسے کی اجازت کے ساتھ 28 نکاتی معاہدہ طے پایا ہے۔ جلسے کا وقت شام 5 سے رات 12 بجے تک مقرر کیا گیا، کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھنا لازم قرار دیا گیا، بغیر ماسک اور سینیٹائزر کوئی کارکن جلسے میں داخل نہیں ہو سکتا۔
معاہدے کے مطابق پی ڈی ایم کا کوئی رہنما سٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا، جی ٹی روڈ بند نہیں کیا جائیگا، ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائے گی، معاہدے کی خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔













