پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کے قافلے پر فائرنگ سے چھ سیکیورٹی اہل کار ہلاک ہوئے ہیں۔ ایک اور واقعے میں شمالی وزیرستان میں ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک افسر سمیت چھ فوجی اہل کار مارے گئے۔

گوادر کے علاقے اورماڑہ میں ہونے والے حملے کے حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کو کوسٹل ہائی وے پر نامعلوم افراد نے بزی ٹاپ کے قریب او جی ڈی سی ایل کے قافلے کو نشانہ بنایا, جس میں سیکیورٹی کے لیے لیویز اہل کاروں کی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔

گوادر لیویز کے ایک اہل کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ واقعہ میں 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں، تاہم سرکاری سطح پر اس دعوے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

اہل کار کے بقول حملے میں سیکیورٹی فورسز کی چار گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا کہ ایک گولی سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے فیول ٹینک میں لگی جس سے آگ لگ گئی۔

واقعہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی نعشوں کو اورماڑہ کے ایک قریبی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی او جی ڈی سی ایل کے قافلے پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY