امریکہ اور بھارت نے دفاع سمیت دیگر معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت امریکہ بھارت کو حساس سیٹلائٹ ڈیٹا فراہم کرے گا جو اہداف کو نشانہ بنانے میں درست رہنمائی کرے گا۔

منگل کو امریکہ کے خارجہ اور دفاع کے وزرا نے اپنے بھارتی ہم منصب وزرا کے ہمراہ نئی دہلی میں معاہدوں پر دستخط کیے۔ دونوں امریکی وزرا ‘ٹو پلس ٹو’ یا بین الوزارتی مذاکرات میں شرکت کے لیے پیر کو بھارت پہنچے تھے۔

بھارت اور امریکہ کے مابین یہ تیسرے ٹو پلس ٹو مذاکرات تھے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان ‘بیسک ایکسچینج اینڈ کوآپریٹیو ایگری منٹ’ (بیکا) سمیت پانچ معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

بیکا معاہدے کے بعد بھارت کو امریکی فوجی سیٹلائٹس سے حساس ڈیٹا اور فوجی نکتۂ نظر سے انتہائی اہم اطلاعات اور نقشوں تک رسائی حاصل ہو جائے گی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق لداخ میں چین کے ساتھ بھارت کی سرحدی کشیدگی کے پیشِ نظر یہ ایک انتہائی اہم معاہدہ ہے۔

بیکا کے علاوہ ارتھ سائنس کے شعبے میں تیکنیکی معاونت، نیوکلیئر تعاون میں توسیع، پوسٹل سروسز اور کینسر ریسرچ کے شعبے میں تعاون سے متعلق معاہدے بھی کیے گئے۔

SHARE

LEAVE A REPLY