ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ایٹمی معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں کریں گے۔ نومنتخب امریکی صدر معاہدے کو خراب ترین قرار دے چکے ہیں۔

ایٹمی معاہدے کی پہلی سالگرہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظوری کے بعد جوہری معاہدہ اب ایک بین الاقوامی دستاویزبن چکا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ایٹمی معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں کریں گے۔

اس سے قبل نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران سے جوہری معاہدہ اب تک کیے گئے خراب ترین معاہدوں میں سے ایک ہے اور وہ اس سے مطمئن نہیں۔

عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی توانائی ایجنسی کے سربراہ علی اکبر صالحی نے واضح طور پر کہا کہ ایران ایٹمی معاہدے میں کوئی بھی ترمیم یا رد وبدل ہرگز برداشت نہیں کرے گا، انہوں نے کہا کہ امریکا یا تو معاہدے کو موجودہ شکل میں قبول کرے یا مسترد کرکے نتائج بھگتنے کی تیاری کرے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ نے معاہدہ منسوخ کیا تو دوبارہ پروگرام پر کام شروع کر دیں گے

SHARE

LEAVE A REPLY