الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 5 حلقوں پر انتخابی نتائج روکتے ہوئے مخصوص پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنرگلگت بلتستان راجہ شہباز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان کے 5 حلقوں کے کچھ پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ تمام حلقوں کے فارم 47 مکمل ہوگئےہیں، 5 حلقوں کےکچھ پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ کاحکم دیا ہے، ان حلقوں کے حتمی نتائج کو مؤخر کردیا ہے، 15 جون کو پولنگ کے بعد متعلقہ حلقوں کا فارم 47 اور 48 جاری کیاجائےگا۔
انہوں نے بتایا کہ جے بی اے8 کے10، جی بی اے13استور کے ایک ، جی بی اے 15 دیامر ون کے ایک ، جی بی اے 16 دیامرٹو کے 3 اور جی بی اے17 دیامرتھری کے 11 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کےنوٹیفکیشن کے مطابق ری پولنگ والے پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج شامل ہونے کے بعد ہی حتمی نتیجہ مرتب کیا جائےگا اور تب تک پوسٹل بیلٹس کھولنے اور گنتی کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو نتائج جاری نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,,
گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں اب تک آنے والے 24 میں سے 22 حلقوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی 10،آزاد امیدوار 7 جبکہ ن لیگ 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔
ایک نشست پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کامیاب ہوئی جبکہ استور کےدو حلقوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے 10کامیاب امیدواروں میں حلقہ جی بی اے 1 سے امجد حسین، حلقہ 4 نگر 1 سے محمد علی اختر، حلقہ 5 نگر 2 سے ذوالفقار علی مراد، حلقہ 7 اسکردو 1 سے سید توقیر مہدی، حلقہ 9 اسکردو 3 سے فدا محمد ناشاد،حلقہ 10 اسکردو 4 سے ناصر علی خان، حلقہ 11 کھرمنگ سے اقبال حسن، حلقہ 12 شگر سے عمران ندیم، جی بی اے 17 دیامر 3 سے محمد نسیم جبکہ حلقہ 19 غذر1 سے سید جلال شاہ شامل ہیں۔
غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں میں حلقہ جی بی اے 2گلگت 2 سے حفیظ الرحمان، حلقہ 18 دیامر 4 سے کفایت الرحمان، حلقہ 20 غذر2 سے عبدالجہاں جبکہ حلقہ 22 گھانچے 1 سے ابراہیم ثنائی کامیاب ہوئے۔
آزاد امیدواروں میں سید سہیل عباس جی بی اے 3 سے، نیک نام کریم حلقہ6 ہنزہ سے، امام مالک جی بی اے 16دیامر 2 سے، امان علی حلقہ 21 غذر سے، انور علی حلقہ 23 گانچھے 2 سے، اسد شفیق حلقہ 24 گانچھے 3 سے اور محمد دلپزیرحلقہ 15 دیامر 1 سے کامیاب قرار پائے ہیں۔
اسی طرح مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے محمد کاظم حلقہ جی بی اے 8 اسکردو 2 سے کامیاب ہوئے ہیں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اسمبلی کےمکمل انتخابی نتائج میں تاخیر اور مبینہ دھاندلی پرپیپلزپارٹی، جےیوآئی(ف) اور آزاد امیدواروں کے حامیوں کااحتجاج جاری ہے۔













