پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔
سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں، حکومت باز نہیں آئے گی، کابینہ میں بھی 16 ایم پی او کے تحت کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میرے 3 بیٹوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا، آصفہ بھٹو زرداری کو اس لیئے ملتان بھیجا کہ وہ لوگوں سے اظہارِ یک جہتی کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزراء کہتے ہیں کہ کارکنوں کو آگے کیا اس لئے ہم اپنے بچوں کو آگے لائے، میں جب وزیرِ اعظم تھا تو سب سے پہلے نظر بند ججز کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔












