کرونا وائرس: بائیڈن کی ابتدائی ترجیحات میں ویکسینیش اور اسکولوں کو کھولنا شامل

0
597

امریکہ کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کرونا وائرس کے انسداد کے لیے عہدہ سنبھالنے کے ابتدائی 100 روز کے دوران کیے جانے والے اقدامات کا عہد کیا ہے۔

منگل کو ماہرینِ صحت پر مشتمل اپنی ٹیم کا تعارف کراتے ہوئے بائیڈن نے کہا کہ وہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ابتدائی 100 روز کے دوران ملک بھر میں رضاکارانہ طور پر ماسک پہننے کی آگاہی، دس کروڑ ویکسین لگانے اور ملک کے بیشتر اسکولوں کو کھولنے کا عہد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وبا تمام امریکیوں کے لیے اجتماعی تکلیف ہے اور اس پر قابو پانے اور شہریوں کی زندگی بچانے کے لیے ہم اجتماعی فیصلے کریں گے۔

بائیڈن کے بقول، “صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے ویکسینیشن منصوبے میں میری ٹیم نے بعض خامیوں کی نشاندہی کی ہے۔”

انہوں نے کانگریس سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ برس ویکسین کی فراہمی کے لیے مالی معاونت سے متعلق قانون سازی کریں تاکہ ویکسین کو لیبارٹری سے مریض تک فوری طور پر پہنچایا جائے۔

یاد رہے کہ امریکہ میں گزشتہ چند روز کے دوران اوسطاً دو لاکھ کیسز اور 2200 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

عالمی وبا سے امریکہ میں اب تک ڈیڑھ کروڑ افراد متاثر اور دو لاکھ 86 ہزار سے زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY