پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق نے زور دیا ہےکہ پاکستانی ٹیم کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے لیے بھارت ضرور جانا چاہیے۔

کراچی میں ہونے والی ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ‘جب دوسرے کھیلوں میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے ہو سکتے ہیں تو کرکٹ میں کیوں نہیں، کرکٹ کو سیاسی تعلقات سے کیوں جوڑیں؟ لوگوں کو اپنی ٹیموں کو ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے دیکھنے کے موقع سے محروم کرنا ناانصافی ہے’۔

مصباح نے مزید کہا کہ ‘اگر پاکستان ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جاتا تو یہ ان شائقین کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہو گی جو پاکستان اور بھارتی کرکٹ کو بہت زیادہ فالو کرتے ہیں’۔

سابق کپتان نے اس خیال کا اظہار بھی کیا کہ ناصرف پاکستان کو بھارت جانا چاہیے بلکہ میچز کے سلسلے میں بھارتی ٹیم کو بھی پاکستان ضرور آنا چاہیے۔

انہوں نے کہا ‘یقینی طور پر پاکستان کو بھارت میں ورلڈکپ کھیلنا چاہیے، میں نے بھارت میں میچز کھیلے ہیں، ہم نے کراؤڈ اور وہاں کے دباؤ سے لطف اٹھایا ہے، بھارت کی کنڈیشنز ہمارے لیے بہترین ہیں، ہماری ٹیم صلاحیت رکھتی ہے کہ بھارت میں شاندار کارکردگی دکھا سکے’۔

SHARE

LEAVE A REPLY