پاکستان نے ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے خلاف ایک وکٹ پر 30 رنز بنا لیے ہیں، قومی ٹیم کو کیوی ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 401 رنز درکار ہیں جبکہ اسکی 9 وکٹیں باقی ہیں۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر اوپنر عابد علی 19 رنز اور نائٹ واچ مین محمد عباس صفر پر موجود تھے جبکہ اوپنر شان مسعود 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل کھیل کے تیسرے سیشن میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 431رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان کین ولیمسن نے شاندار 129رنز بنائے۔

پاکستان نیوزی لینڈ ٹیسٹ کے دوسرے دن کین ولیم سن اور ہنری نکلز نے 222رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا ، دونوں اسکور کو 266رنز تک لے جانے میں کامیاب رہے۔

اس دوران نکلز نے اپنی نصف سنچری مکمل کی جبکہ ولیمسن نے سنچری، کیوی کپتان کے کیریئر کی یہ 23ویں سنچری بھی تھی۔

دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ پر 133رنز کا اضافہ کیا، نکلز کو نسیم شاہ نے شکار کیا جبکہ 129رنز بنانے والے ولیم سن کی وکٹ یاسر شاہ نے حاصل کی۔

سینٹنر کو 19 رنز پر فہیم اشرف نے آؤٹ کیا، واٹلنگ اور جیمسن کے درمیان ساتویں وکٹ پر 66رنز کی شاندار شراکت ہوئی، واٹلنگ بھی نصف سنچری بنانے میں کامیاب رہے ،جبکہ جیمی سن کو 32 کے انفرادی اسکور پر محمدعباس نے پویلین پہنچایا، واٹلنگ 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے سب سے زیادہ 4 چار وکٹیں حاصل کیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY