راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے سنچری میکر اظہر علی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے میں ہمیشہ مزہ آتا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران اظہر علی نے کہا کہ آسٹریلین بولرز نے دوسرے دن کے آغاز میں اچھی بولنگ کی، یہی وجہ ہے کہ ہم تیزی سے رنز اسکور نہیں کر پائے۔
انہوں نے کہا کہ اننگز ڈکلیئر کرتے وقت تیز رنز اسکور کرنے کی کوشش کی، آسٹریلوی بولرز کو کریڈٹ دینا ہوگا، انہوں نے رنز اسکور کرنے نہیں دیے۔
قومی ٹیسٹ کرکٹر نے مزید کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کی پچ مشکل ہے، جس پر رنز کرنا آسان نہیں، تیسرے دن کے اختتام پر پچ مشکل ہوگی اور اپنا کام دکھائے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ امام الحق کو پرفارم کرتا دیکھ کر خوشی ہوئی، اس کی ون ڈے کرکٹ میں بھی پرفارمنس کمال رہی ہے۔
اظہر علی نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے میں ہمیشہ مزہ آتا ہے، مہمان ٹیم کے خلاف پلان اچھا کرنا پڑے گا، انہیں آؤٹ کرنا آسان نہیں ہوگا۔
اظہر علی نے کہا کہ جب تک فٹنس اور فارم نے اجازت دی تب تک پاکستان کے لیے کھیلتا رہوں گا، فی الحال انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔












